Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ رشید احمد کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا گیا: وکیل

وکیل سردار عبدالرزاق نے کہا کہ ’مجھے اور فیملی کو معلوم نہیں ہے کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے وکیل نے کہا ہے کہ ان کے موکل کو راولپنڈی سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اتوار کو شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پولیس اور سادہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد نے شیخ رشید کو بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کی فیز تھری سے گرفتار کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شیخ رشید تمام مقدمات میں ضمانت پر تھے اور ان کے خلاف ابھی کوئی مقدمہ نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا۔‘
وکیل سردار عبدالرزاق نے کہا کہ ’مجھے اور فیملی کو معلوم نہیں ہے کہ انہیں کہاں لے جایا گیا، اور نہ ہی ان کے  بارے میں کچھ بتایا جا رہا ہے۔‘
دوسری جانب تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی اور شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے ٹوئٹر (ایکس) پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’اتوار کو مغرب کی نماز کے بعد شیخ رشید کو بحریہ ٹاؤن سے پولیس کی بھاری نفری اور سول کپڑے پہنے لوگوں نے گرفتار کیا، لیکن یہ نہیں پتا کہ وہ اس وقت کہاں پر ہیں۔‘
شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ ’شیخ رشید کے ساتھ میرے بڑے بھائی شیخ شاکر اور ایک ملازم کو بھی گرفتار کیا گیا۔ پنجاب پولیس نے ہائی کورٹ میں لکھ کر دیا ہوا ہے کہ وہ انہیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد پولیس نے بھی ہائی کورٹ میں لکھ کر دیا تھا وہ انہیں مطلوب نہیں ہیں۔‘
انہوں کہا کہ ’شیخ رشید راولپنڈی اور اسلام آباد میں کسی مقدمے میں نامزد نہیں ہیں، لیکن اگر وہ ہیں تو انہیں صبح عدالت میں پیش کیا جائے، ہم قانونی جنگ لڑیں گے۔‘
شیخ راشد شفیق نے کہا کہ ’کل ہمارے وکیل سردار عبدالرزاق عدالت میں رٹ دائر کر رہے ہیں کہ ہمیں بتایا جائے کہ ان کو کہاں اور کس مقدمے میں رکھا گیا ہے۔‘
واضح رہے کہ نو مئی کے واقعات کے بعد شیخ رشید روپوش تھے اور گاہے بگاہے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغامات جاری کرتے رہتے تھے۔ انہوں نے نو مئی کے واقعات کی مذمت بھی کی تھی۔

شیئر: