Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیویارک، فلوریڈا اور ٹیکساس ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے میچز کی میزبانی کریں گے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ اگلے سال ٹی 20 ورلڈکپ کے میچز کی میزبانی نیویارک، فلوریڈا اور ٹیکساس کریں گے۔
بدھ کو جاری آئی سی سی کے بیان کے مطابق جون 2024 میں ہونے والے ایونٹ کی میزبانی کے حقوق کریبین اور امریکہ کو نومبر 2021 میں دیے گئے تھے۔
ورلڈ کپ کے لیے 34 ہزار سیٹس کی گنجائش والا عارضی سٹیدیم آئیزن ہاور پارک، ناسو کاؤنٹی نیویارک میں تعمیر کی جائے گی جب کہ ٹیکساس اور برووارڈ کاؤنٹی، فلوریڈا میں موجود گراؤنڈ کی گنجائش کو بڑھایا جائے گا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف الارڈائس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’ہم بڑی خوشی سے اس بات کا اعلان کر رہے ہیں کہ امریکہ میں پہلی دفعہ منعقد ہونے والا ورلڈ کپ تین وینوز پر کھیلا جائے گا جس میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔‘
’امریکہ تزویراتی طور پر ایک بہت ہی اہم مارکیٹ ہے اور یہ وینیوز ہمیں دنیا میں کھیلوں کی سب سے بڑی مارکیٹ میں داخل ہونے کا موقع فراہم کریں گے۔‘
امریکہ نے اپنا ٹی20 لیگ ‘میجرلیگ کرکٹ‘ کے نام سے رواں سال جولائی میں شروع کیا تھا اور گرانڈ پریری سٹیڈیم ٹیکساس میں اس کا فائنل ہوا تھا۔
اس وقت انگلینڈ ٹی20 چیمپئن ہے جس نے گذشتہ سال میلبرن میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں پاکستان کو ہرایا تھا۔
 

شیئر: