انڈیا میں آنے والی موسمی لہر سے خلیجی علاقہ متاثر ہوسکتا ہے؟
جمعرات 21 ستمبر 2023 12:25
’ایران سے چلنے والی خشک ہوا کے باعث یہ موسمی لہر انڈیا کے ساحلوں تک ختم ہوسکتی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ماہرین موسمیات بحیرہ عرب کے مشرق اور انڈیا کی حدود میں آنے والے موسمی تغیرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ماہرین کو خدشہ ہے کہ موسمی تغیر کی لہر بحیرہ عرب کے مغرب کی سمت جائے گی جہاں خلیجی علاقے میں پہنچ کر سمندری طوفان میں تبدیل ہوجائے گی۔
طقس العرب کے ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ ایران کی طرف سے آنے والی خشک ہوا کے باعث یہ لہر خلیجی علاقے میں پہنچنے سے پہلے دم توڑ دے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’ایران سے چلنے والی خشک ہوا کے باعث یہ موسمی لہر انڈیا کے ساحلوں تک ختم ہوسکتی ہے‘۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ’موسمی نقشوں کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ بحیرہ عرب کے مشرق میں موسمی لہر سعودی عرب اور عمان تک نہیں پہنچے گی‘۔