Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نو مئی واقعات میں عمران خان قصور وار قرار، 11 مقدمات کے چالان عدالت میں جمع

نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پرتشدد احتجاج کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے نو مئی کو جناح ہاؤس پر حملے سمیت 11 مقدمات کی تحقیقات مکمل کر کے چالان انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیے ہیں۔
چالانوں میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی رہنماؤں عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی کی جانب سے چالان پراسیکیوشن کو بھجوائے گئے جو انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دیے گئے ہیں۔
جناح ہاؤس حملہ کیس کا چالان تین ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں چئیر مین پی ٹی آئی، یاسمین راشد ،عمرسرفراز چیمہ سمیت پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح عسکری ٹاور پر حملے، شادمان تھانے کو جلانے اور شیرپاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات کے چالان بھی جمع کرائے گئے ہیں۔
ایک چالان میں خدیجہ شاہ، صنم جاوید، طیبہ راجہ اور سابق ایم این اے عالیہ حمزہ کو بھی قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ نو مئی واقعات سے متعلق دیگر مقدمات کے چالان بھی جلد انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیے جائیں گے۔

شیئر: