Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باحہ کے زرعی فارم سعودی مارکیٹ کو مختلف اقسام کے قہوے کا لطف دے رہے ہیں

کاشتکاروں کو سبسڈی دی جاتی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
باحہ ریجن کے 200 سے زیادہ زرعی فارم  سعودی مارکیٹوں کو  انواع و اقسام کے منفرد معیاری  قہوہ جات فراہم کر رہے ہیں۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت ماحولیات و پانی و زراعت باحہ شاخ کے ڈائریکٹر انجینیئر فہد الزہرانی نے عربی قہوے کی کاشت سے متعلق سوال کے  جواب میں کہا کہ  ’جنوبی سعودی عرب کا علاقہ عموما اور باحہ ریجن خصوصا عربی قہوے کی کاشت کے لیے مشہور ہے‘۔ 
الزہرانی نے بتایا کہ ’باحہ ریجن میں فلک بوس پہاڑ ’شدا‘ ہے جہاں قہوے کے 200 سے زیادہ زرعی فارم ہیں۔ 22 ہزار سے زیادہ درخت اعلی قسم کے قہوے مارکیٹ کو فراہم کررہے ہیں‘۔ 

کاشتکاروں کو آبپاشی کے لیے واٹر ٹینک فراہم کیے جاتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

الزہرانی نے توجہ دلائی کہ ’وزارت ماحولیات انواع  و اقسام کے   قہوہ جات کی کاشت کو کامیاب بنانے، اس کا معیار بلند کرنے اور اس کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے کوشاں ہیں‘۔
انجینیئر فہد الزہرانی نے کہا کہ ’اس سلسلے میں کاشتکاروں کو آبپاشی کی مختلف سہولیات دی جارہی ہیں۔ 240، 120،  90 اور 60 ٹن کی  گنجائش والے واٹر ٹینک فراہم کیے جارہے ہیں‘۔ 
الزہرانی نے بتایا کہ  ’ہماری وزارت ’ریف‘ نامی ایک پروگرام چلا رہی ہے اس کے تحت زراعت کے فروغ کو یقینی بنانے کے لیے کاشتکاروں کو سبسڈی دی جاتی ہے۔ زراعانت واپس نہیں لیا جاتا۔ اس کی بدولت چھوٹے کاشتکاروں کا معیار معیشت بہتر ہورہا ہے اور ان کی پیداواری صلاحیت بڑھ رہی ہے‘۔ 

باحہ ریجن میں 16 لاکھ مربع میٹر رقبے میں قہوے کی کاشت ہوتی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

الزہرانی کا مزید کہنا تھا کہ ’سعودی عرب میں  قہوے کی کاشت کا سب سے پہلا علاقہ باحہ ریجن میں 16 لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر قائم  کیا گیا۔ اس میں تین لاکھ تک درخت لگانے کی گنجائش ہے‘۔
وزارت ماحولیات کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ’اس کی بدولت عربی قہوے کی سالانہ پیداوار کا حجم سو فیصد بڑھ جائے گا۔ اس سے ایک ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ اس کے تحت مزدوروں کا مرکز، ٹریننگ سینٹر، رہائش، مہمان خانہ اور عربی قہوے کی نمائش گاہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے‘۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: