Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں خاتون نے چار بیٹیوں کو زہر دے کر خودکشی کر لی

پولیس کے مطابق خاتون کا شوہر دو ماہ منشیات بحالی مرکز میں رہنے کے بعد گذشتہ ہفتے ہی گھر واپس لوٹا تھا۔ (فوٹو: ایدھی)
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زہر پینے کی وجہ سے ماں اور چار کمسن بیٹیاں موت کا شکار ہو گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہو رہا ہے اورخاتون نے اپنے شوہر سے جھگڑے کے بعد بچوں کو زہر دینے کے بعد اپنی بھی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
ایس پی صدر آصف خان کے مطابق پیر کی شام کو پولیس کو اطلاع ملی کہ ’کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں جنرل موسیٰ روڈ پر ایک خاتون نے اپنی چار بیٹیوں کو کولڈ ڈرنک کی بوتل میں زہر دینے کے بعد خود بھی وہی زہر پی کر خودکشی کر لی ہے۔‘
’لوگوں نے خاتون اور ان کی بیٹیوں کو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی مگر بد قسمتی سے پانچوں میں سے کسی کو ایک بھی نہیں بچایا جا سکا۔‘
پولیس نے بتایا کہ ’35 سالہ فاطمہ اور ان کی دو بیٹیوں کی ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی موت ہو گئی تھی جبکہ دو بچیاں تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچائی گئیں۔ ڈاکٹروں نے ان کا معدہ صاف کرنے کی کوشش کی مگر وہ دونوں بھی جانبر نہ ہو سکی۔‘
بولان میڈیکل کمپلیکس کے پولیس سرجن ڈاکٹر علی مردان نے بتایا کہ مرنے والی بچیوں کی عمریں تین سے 10 سال کے درمیان تھیں۔ سب کی موت زہر پینے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
’یہ معلوم نہیں کہ خاتون نے خود زہر پیا ہے یا انہیں پلایا گیا ہے۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر کے نمونے تجزیے کے لیے فرانزک لیبارٹری بجھوائے جا رہے ہیں۔‘

پولیس سرجن ڈاکٹر علی مردان نے بتایا کہ مرنے والی بچیوں کی عمریں تین سے 10 سال کے درمیان تھیں۔ (فوٹو: ایدھی)

ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ جواد طارق کا کہنا تھا کہ ’واقعہ خودکشی کا ہے۔ خاتون اور ان کے شوہر کے درمیان کل سے جھگڑا چل رہا تھا اور آج صبح جھگڑا کرنے کے بعد شوہر گھر سے باہر نکلا تو خاتون نے پیچھے گھر میں زہر پی کر اپنی اور اپنی کمسن بیٹیوں کی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔‘
انہوں نے کہا کہ خاتون کا شوہر پہلے رکشہ چلاتا تھا لیکن ان دنوں بے روزگار تھا۔ وہ نشے کا عادی بھی تھا اور دو ماہ منشیات بحالی مرکز میں رہنے کے بعد گذشتہ ہفتے ہی گھر واپس لوٹا تھا۔ اہل علاقہ نے پولیس کو بتایا ہے کہ خاتون اور ان کے شوہر کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
پولیس افسر نے مزید بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جائے وقوعہ سے کولڈ ڈرنک کی بوتل سمیت دیگر شواہد اکٹھے کر کے فرانزک کے لیے بجھوا دیے گئے ہیں۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کو تفتیش کی غرض سے حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

شیئر: