Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈ کپ: انگلش بولرز بے بس، نیوزی لینڈ کی نو وکٹوں سے فتح

نیوزی لینڈ نے ابتدائی نقصان کے بعد شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو نو وکٹ سے شکست دے دی ہے۔ 
جمعرات کو احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 284 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان کا آسانی سے پورا کر لیا اور فتح اپنے نام کی۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اننگز کے دوسرے ہی اوور میں وِل ینگ بغیر کوئی رن بنائے سیم کرن کے بال پر آؤٹ ہوگئے۔ 
تاہم اس کے بعد ڈیون کونوے اور رچن رویندر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچریاں سکور کیں۔ 
ڈیون کونوے  152 اور رویندر 123 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
اس سے قبل جمعرات کو احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر282 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے جو رُوٹ 77، کپتان جوز بٹلر 43 جبکہ جونی بیئرسٹو نے 33 رنز سکور کیے۔
نیوزی لینڈ کی طرف کے بولنگ کرتے ہوئے میٹ ہینری نے تین، گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے دو دو، جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور رَچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کو اس میچ میں کپتان کین ولیمسن اور فاسٹ بولرز لوکی فرگوسن اور ٹِم ساؤتھی کی خدمات انجری کے باعث میسر نہیں ہیں جبکہ دفاعی چیمپیئن انگلینڈ نے سٹار آل راؤنڈر بین سٹوکس کو انجری کے باعث آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے یہ ہی دونوں ٹیمیں 2019 میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ نے پہلی مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
انگلینڈ کی پلیئنگ الیون
جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ مالان، جو رُوٹ، ہیری بروک، جوز بٹلر (کپتان)، معین علی، لیام لیونسٹون، کرس ووکس، سیم کَرن، عادل رشید، مارک وُڈ۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
ڈیوون کونوے، وِل ینگ، رَچن رویندرا، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (کپتان)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، ٹرینٹ بولٹ۔

شیئر: