Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈ کپ کیپٹنز ڈے: اتنی مہمان نوازی کی توقع نہیں تھی، بابر اعظم

بابر اعظم خصوصی طیارے سے احمدآباد تقریب میں شرکت کرنے آئے جہاں اُن کی ملاقات انڈین ٹیم کے کپتان روہت شرما سے ہوئی۔ (فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ یوٹیوب سکرین گریب)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انہیں انڈیا میں اتنی مہمان نوازی کی توقع نہیں تھی، انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے ملک میں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار بابر اعظم نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز سے ایک دن پہلے احمدآباد میں ہونے والی تقریب ’کیپٹنز ڈے‘ میں کیا۔
اس تقریب میں بابر اعظم سمیت ورلڈ کپ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی۔
بابر اعظم نے اس تقریب میں کہا کہ ’ہمیں یہاں بہترین مہمان نوازی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ اتنی مہمان نوازی کی توقع نہیں تھی۔ ہم حیدرآباد میں ایک ہفتے کے لیے ہیں لیکن ہمیں ایسا نہیں محسوس ہو رہا کہ ہم انڈیا میں ہیں۔ ہمیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہم اپنے ملک میں ہیں۔‘
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ’ایسا کوئی دباؤ نہیں ہے کیونکہ کنڈیشنز پاکستان اور ایشیا جیسی ہیں۔ ہم یہاں ایک ہفتے سے ہیں، ہم نے پریکٹس میچ کھیلے ہیں۔ یہاں کوئی فرق نہیں ہے، باؤنڈریز یہاں چھوٹی ہیں اور بولروں کے لیے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘
پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ ’ہماری اصلی طاقت بولنگ ہوگی۔‘
اس تقریب میں دلچسپ صورتحال تب پیدا ہوئی جب بابر اعظم سے میزبان روی شاستری نے حیدرآبادی بریانی کے بارے میں پوچھا تو اٗس کے جواب میں بابر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’100 باری (یعنی 100 مرتبہ) بتا چکے ہیں۔ کافی اچھی رہی، کیونکہ حیدرآباد کا یہ ہی سنا تھا کہ حیدرآباد کی بریانی اچھی ہے۔‘

پاکستانی ٹیم 27 ستمبر کو بابر اعظم کی قیادت میں انڈیا پہنچی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

14 اکتوبر کو احمدآباد میں شیڈول پاکستان اور انڈیا کے میچ کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم اس میچ کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ 14 سے پہلے ہمارے دو میچ ہیں اور ہم ہر میچ کی الگ حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ انڈیا اور پاکستان کا میچ  بڑا میچ ہوتا ہے اور ہر کسی کو اس میچ کا انتظار ہوتا ہے۔‘
اس کے علاوہ تقریب میں شریک انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ’ہم اس ورلڈ کپ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہم اس بات پر خوش ہیں کہ ورلڈ کپ سے قبل کچھ دن آرام کے مل گئے۔ ہم ویسے مکمل طور پر ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں۔‘
روہت شرما مزید کہتے ہیں کہ ’بچپن سے ہی میرا ورلڈ کپ میں کھیلنے کا خواب تھا۔‘
دوسری جانب اس تقریب میں شرکت کے لیے بابر اعظم کو حیدرآباد دکن سے خصوصی طیارے کے ذریعے احمدآباد لایا گیا تھا جہاں اُن کی ملاقات روہت شرما سے بھی ہوئی۔
خیال رہے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے باقاعدہ سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدرآباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

شیئر: