Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ وارم اپ میچ: آسڑیلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے ہرا دیا

آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ میں بابر اعظم کی جگہ شاداب خان نے ٹیم کی کپتانی کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے دی ہے۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کینگروز نے پاکستان کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستانی ٹیم ہدف پورا نہ کر سکی اور 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بابر اعظم نے 90 اور افتخار احمد نے 83 رنز بنائے۔  ان کے علاوہ محمد نواز نے 50 اور فخر زمان نے 22 رنز سکور کیے۔
آسٹریلوی بولروں میں مارنس لبوشانے نے تین، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے دو، دو جبکہ گلین میکسویل اور شان ایبٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
منگل کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 77، کیمرون گرین نے 50 جبکہ جوش انگلس اور ڈیوڈ وارنر نے 48،48 سکور بنائے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے اُسامہ میر نے دو جبکہ حارث رؤف، محمد وسیم، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کے خلاف اس وارم اپ میچ میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کی بجائے شاداب خان نے کی جبکہ محمد رضوان کی جگہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل محمد حارث وکٹ کیپنگ کرتے نظر آئے۔ 
ورلڈ کپ سے پہلے یہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری وارم اپ میچ تھا۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ایک ایک وارم اپ میچ کھیل چکی ہیں۔
اگر پاکستان کی بات کی جائے تو اُس کا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوا تھا جس میں کیویز نے پانچ وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
اسی طرح آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ 30 ستمبر کو ترووننتھاپورم میں کھیلا گیا جو بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
یہاں واضح رہے کہ وارم اپ میچوں کو آئی سی سی کی جانب سے آفیشل میچوں کا درجہ حاصل نہیں ہوتا اور اس میں ٹیم کے سکواڈ کا کوئی بھی کھلاڑی کسی بھی وقت کھیل سکتا ہے یا کھیل چھوڑ کر باہر جا سکتا ہے۔
اسی طرح وارم اپ میچوں میں بنائے جانے والے رنز اور حاصل کی جانے کی والی وکٹوں کو انٹرنیشنل ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاتا۔
خیال رہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے جس کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے۔

شیئر: