Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کے دوران کون سی ٹیم سب سے زیادہ سفر کرے گی؟

انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ احمدآباد میں کھیلا تھا جس کے بعد انہیں 1343 کلومیٹر دور اپنا دوسرا میچ کھیلنے دھرم شالہ جانا پڑا۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ انڈیا میں جاری ہے جس میں 10 ٹیمیں ایکشن میں نظر آ رہی ہیں۔
یہ ورلڈ کپ انڈیا کے دس شہروں میں کھیلا جا رہا ہے جس کے لیے ہر ٹیم کو مختلف شہروں میں میچ کھیلنے جانا ہے۔
اگر ورلڈ کپ کے شیڈول پر نگاہ ڈالی جائے تو میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 48 میچ ہونے ہیں اور اس حوالے سے ہر ٹیم کا شیڈول کافی سخت ہے۔
آئیے جانتے ہیں کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران سب سے زیادہ سفر کون سے ٹیم کرے گی۔
وزڈن انڈیا کے مطابق اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سفر میزبان انڈین ٹیم کرے گی جس کا کل فاصلہ 9767 کلومیٹر بنتا ہے۔
انڈین ٹیم ورلڈ کپ کی واحد ٹیم ہے جس کے گروپ راؤنڈ میں تمام 9 میچز 9 مختلف شہروں میں رکھے گئے ہیں اور اگر میزبان ٹیم کے اس شیڈول کو دیکھا جائے تو انڈین ٹیم اس ایونٹ میں سب سے زیادہ سفر کرتی دکھائی دیتی ہے۔
انڈٰیا کے بعد ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سفر کرنے والی ٹیم دفاعی چیمپیئن انگلینڈ ہے۔ انگلینڈ اس میگا ایونٹ میں 8106 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرے گی۔
انگلینڈ نے میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ احمدآباد میں کھیلا تھا جس کے بعد انہیں 1343 کلومیٹر دور اپنا دوسرا میچ کھیلنے دھرم شالہ جانا پڑا۔
ورلڈ کپ میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سفر کرنے والی ٹیم جنوبی افریقہ ہے جو کے ایونٹ میں اپنے میچوں کے لیے 7799 کلومیٹر سفر کرے گی۔
اسی طرح میگا ایونٹ میں چوتھے نمبر پر سب سے زیادہ سفر کرنے والی ٹیم 1996 کی ورلڈ چیمپیئن سری لنکا ہے۔
سری لنکا نے ایونٹ میں اپنا ابتدائی میچ نئی دہلی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جس کے بعد انہیں دوسرا میچ کھیلنے کے لیے دارالحکومت سے تقریب ساڑھے 1500 کلومیٹر دور حیدرآباد دکن جانا پڑا ہے۔
جاری ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سفر کرنے والی ٹیموں کی فہرست میں بنگلہ دیش پانچویں نمبر پر ہے جو کے ورلڈ کپ میں 7334 کلومیٹر سفر کرے گی۔

میگا ایونٹ میں انڈیا واحد ٹیم ہے جو گروپ راؤںڈ میں اپنا ہر میچ مختلف شہر میں کھیلے گی۔ (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)

 بنگلہ دیش نے اپنے ابتدائی دو میچ دھرم شالہ میں کھیلنے ہیں جس کے بعد بنگال ٹائیگرز نے دھرم شالہ سے 2661 کلومیٹر دور ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے لیے اُڑان بھرنی ہے جہاں اُن کا 13 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ ہوگا۔
ورلڈ کپ میں زیادہ سفر کرنے والی ٹیموں میں نیدرلیںڈز کا شمار چھٹے نمبر ہے۔ نیدرلینڈز نے اپنے پہلے دو میچ حیدرآباد دکن میں کھیلنے ہیں تاہم گروپ راؤںڈ میں ڈَچ ٹیم نے اپنے میچوں کے لیے تقریبا 7 ہزار کلومیٹر سفر کرنا ہے۔
اسی طرح ورلڈ کپ میں پانچ مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم آسٹریلیا نے 6915 کلومیٹر سفر کرنا ہے۔ آسٹریلیا ورلڈ کپ میں ایک وینیو پر دو میچ صرف ایک مرتبہ کھیلے گی تاہم اس کے باجود اُن کا کل فاصلہ دوسری ٹیموں کی نسبت کافی کم ہے۔
ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی ٹیم کولکتہ، حیدرآباد دکن، بنگلور اور چنئی میں اپنے دو دو میچز کھیلے گی جبکہ اُن کا روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچ ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں ہوگا۔

جنوبی افریقہ اس ورلڈ کپ میں 7799 کلومیٹر کا سفر کرے گی۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)

 پاکستانی ٹیم سکیورٹی کے پیش نظر اور سیاسی صورتحال کے باعث گروپ راؤنڈ کے 9 میچ صرف پانچ شہروں میں ہی کھیلے گی جن کا مجموعی طور پر 6880 کلومیٹر کا فاصلہ بنتا ہے۔
اسی طرح گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس سال کے میگا ایونٹ میں 5826 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی چنئی، دھرم شالہ اور بنگلور میں دو دو میچ کھیلے گی۔
میگا ایونٹ میں شریک افغان ٹیم گروپ راؤنڈ میں اپنے تمام میچوں کے لیے 5311 کلومیٹر کا سفر کرے گی۔ افغانستان کے دو میچ نئی دہلی اور دو میچ چنئی میں لگاتار شیڈول ہیں جس کے باعث افغان اتلان کو ایونٹ میں سب سے کم سفر کرنا پڑے گا۔

شیئر: