Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ میں روہت شرما کی سب سے زیادہ سینچریاں، ریکارڈز توڑ دیے

انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے ورلڈ کپ کے نویں میچ میں افغانستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے اور ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اسی میچ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے ہیں۔
بدھ کو نئی دہلی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے 80 اور عظمت اللہ عمرزئی کے 62 رنز کی اننگز کی مدد سے انڈیا کو میچ جیتنے کے لیے 273 رنز کا ہدف دیا تھا۔
انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 10 اوورز میں 39 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
انڈیا نے 273 رنز کا ہدف 35 اوورز میں حاصل کرلیا۔ انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 84 گیندوں پر 131 رنز بنائے جبکہ وراٹ کوہلی نے 55 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اشان کشن 47 رنز بنا سکے۔
روہت شرما نے اس اننگز میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔ انہوں نے اپنی سینچری 63 گیندوں پر مکمل کی جو کہ کسی بھی انڈین بیٹر کی جانب سے ورلڈ کپ میں بنائی گئی سب سے تیز ترین سینچری تھی۔
اس سے قبل ورلڈ کپ میں انڈیا کی جانب سے تیز ترین سینچری بنانے کا اعزاز کپل دیو کے پاس تھا جنہوں 1983 کے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 72 گیندوں پر سینچری مکمل کی تھی۔
اس کے علاوہ روہت شرما ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سینچریاں سکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ روہت شرما نے اپنے پہلا ورلڈ کپ 2015 میں کھیلا تھا اور یہ اُن کے کیریئر کا تیسرا ورلڈ کپ ہے جس میں اُن کی مجموعی سینچریوں کو تعداد سات ہوگئی ہے۔
اس سے قبل ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھ سینچریاں سکور کرنے کا ریکارڈ سابق انڈین بیٹر سچن تندولکر کے پاس تھا جنہوں نے یہ سینچریاں چھ ورلڈ کپ کھیل کر بنائیں تھیں۔
صرف یہی نہیں روہت شرما نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ بھی کرس گیل سے چھین لیا ہے۔
سابق ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں تمام فارمیٹس میں 551 اننگز کھیل کر 553 چھکے لگائے تھے جبکہ روہت شرما 471 اننگز میں 554 چھکے مار کر کرس گیل سے آگے نکل گئے ہیں۔

شیئر: