Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر چار یوکرینی بچھڑے بچوں کو خاندانوں سے ملائے گا

بچوں کی واپسی یوکرین اور روس کے درمیان مثبت قدم اور خیرسگالی کا اشارہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
یوکرین پر روس کے حملے کے باعث اپنے خاندانوں سے بچھڑ جانے والے چار یوکرینی بچوں کو قطر کی کاوشوں سے رشتہ داروں سے ملایا جائے گا۔
اے ایف پی نیوز کے مطابق ایک قطری سفارت کار نے اس بارے میں تفصیل سے بتایا ہے کہ چاروں بچے جن کی عمریں 2 سے 17 سال ہیں تاحال ماسکو میں قطری سفارت خانے میں مقیم ہیں۔
ان چاروں میں سے ایک بچہ ایسا بھی ہے جس کی ماں کو روس میں حراست میں رکھاگیا ہے اور دوسرا بچہ یوکرین جنگ کے آغاز میں روس کے ہسپتال میں زیرعلاج تھا اور اس کا اپنی ماں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

 یوکرین اور روس بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں تعاون کر رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

قطری سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ  یوکرینی اور روسی حکام دونوں بچوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے اور ان کی یوکرین روانگی میں تعاون کر رہے ہیں۔
اپنے خاندانوں سے بچھڑ جانے  کے بعد ان بچوں کی روسی حکومت کی جانب سے مستقل دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
سفارت خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان چاروں نابالغ افراد کو یوکرین پہنچانے کے لیے قطر، ایسٹونیا، پولینڈ، لٹویا اور لتھوانیا سمیت تیسرے ممالک کے راستے کا انتخاب کیا جائے گا۔
قطر کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون لولوہ الخاطر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرینی بچوں کی ان کے خاندانوں تک واپسی یوکرین اور روس کی حکومتوں کے درمیان مثبت قدم اور خیر سگالی کا اشارہ ہے۔

 قطر نے کئی بین الاقوامی تنازعات میں ثالث کے طور پر کام کیا ہے۔ فوٹو ایکس

قطری وزیر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پیش رفت ابتدائی قدم ہے لیکن ہمیں اس پورے عمل کے دوران دونوں فریقوں کی جانب سے دکھائے جانے والے عزم اور کھلے پن سے حوصلہ ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ کشیدگی کم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گیس کی دولت سے مالا مال خلیجی ریاست قطر نے کئی بین الاقوامی تنازعات میں ثالث کے طور پر کام کیا ہے جس میں گزشتہ ماہ ایران امریکہ قیدیوں کا تبادلہ سرفہرست ہے۔
 

شیئر: