Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کا غزہ سے انخلا کا حکم بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے: اقوام متحدہ

روینہ شامداسانی نے کہا کہ ’جو لوگ اسرائیلی حکام کے انخلا کے حکم کی تعمیل کرنے میں کامیاب ہوئے وہ اب غزہ کی پٹی کے جنوب میں پھنسے ہوئے ہیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کا محاصرہ اور شمال کی جانب انخلا کا حکم عام شہریوں کی زبردستی منتقلی کے مترادف ہو سکتا ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو جنیوا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینہ شامداسانی نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اسرائیل نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کوشش نہیں کی کہ غزہ سے عارضی طور پر نکالے گئے شہریوں کو مناسب رہائش کے ساتھ ساتھ حفظان صحت، صحت کی حفاظت اور غذائیت کی تسلی بخش سہولیات فراہم کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں تشویش ہے کہ غزہ کے مکمل محاصرے کے ساتھ مل کر اس حکم کو قانونی عارضی انخلا کے طور پر نہیں سمجھا جائے گا اور اس لیے یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کی زبردستی منتقلی کے مترادف ہو گا۔‘
’جو لوگ اسرائیلی حکام کے انخلا کے حکم کی تعمیل کرنے میں کامیاب ہوئے وہ اب غزہ کی پٹی کے جنوب میں پھنسے ہوئے ہیں، جہاں ناکافی پناہ گاہیں، تیزی سے ختم ہونے والی خوراک، صاف پانی، صفائی، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات تک بہت کم یا کوئی رسائی نہیں ہے۔‘
’زبردستی منتقلی‘ کی اصطلاح شہری آبادی کی جبری نقل مکانی کو بیان کرتی ہے اور یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے جس پر انٹرنیشنل کریمنل کورٹ (آئی سی سی) کے ذریعہ سزا دی جاتی ہے۔

روینہ شامداسانی نے کہا ’ہمیں تشویش ہے کہ غزہ کے مکمل محاصرے کے ساتھ مل کر اس حکم کو قانونی عارضی انخلا کے طور پر نہیں سمجھا جائے گا۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)

ایک الگ بیان میں ورلڈ فوڈ پروگرام نے کہا کہ غزہ میں اس کی خوراک کی سپلائی کم ہو رہی ہے لیکن وہ قریبی مصری شہر العریش میں سپلائی کا ذخیرہ کر رہا ہے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے ریجنل کمیونیکیشنز مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے معاملات کی نگران عبير عطيفہ نے امید ظاہر کی کہ ’انہیں جلد ہی سرحد پار کرنے کی اجازت مل جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم غزہ تک انسانی امداد کی اشد ضرورت کے لیے بلا روک ٹوک رسائی، محفوظ راستہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
سامان لے جانے والے ٹرک مصر میں رفح کراسنگ کی طرف گئے، جو کہ اسرائیل کے کنٹرول سے باہر غزہ تک رسائی کا واحد مقام ہے، حالانکہ یہ یقینی نہیں کہ آیا وہ سرحد پار کر سکیں گے۔

شیئر: