Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کا جو بائیڈن کے ساتھ سربراہی اجلاس منسوخ کرنے کا اعلان

وزیر خارجہ ایمن صدافی نے کہا کہ اجلاس اُس وقت منعقف ہو گا جب جنگ روکنے کا فیصلہ ہو گا (فوٹو: اے ایف پی)
غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد اردن نے امریکی صدر کے ساتھ طے شدہ ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق صدر بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران مصر، اردن اور فلسطینی صدر کے ساتھ ملاقات سے امید کی جا رہی تھی کہ یہ مشرق وسطیٰ میں امن عمل کو آگے بڑھانے میں مؤثر ثابت ہوگی۔
اردن کے وزیر خارجہ ایمن صدافی نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جو بائیڈن کے ساتھ سربراہی اجلاس کا انعقاد اُس وقت ہو گا جب جنگ روکنے اور اس قتلِ عام کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘
امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو کہا تھا کہ غزہ کے ایک ہسپتال میں ہونے والے دھماکے پر غم و غصہ ہے اور سکیورٹی ٹیم کو مزید تفصیلات اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔
حماس نے اس حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی جانب سے غلط فائر کیا گیا راکٹ اس حملے کا ذمہ دار ہے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ ’میں غزہ کے العہلی عرب ہسپتال میں دھماکے اور اس کے نتیجے میں خوفناک جانی نقصان پر شدید غمزدہ ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے قومی سلامتی کی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ معلومات اکٹھی کرتے رہیں کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔‘
امریکی صدر نے کہا کہ ’امریکہ جنگ کے دوران شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے واضح طور پر کھڑا ہے اور ہم اس سانحے میں ہلاک یا زخمی ہونے والے مریضوں، طبی عملے اور دیگر بےگناہوں کے لیے سوگوار ہیں۔‘
وائٹ ہاؤس کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر بائیڈن نے غزہ کے ہسپتال پر حملے کے بعد اپنا اُردن کا دورہ ملتوی کر دیا ہے اور وہ اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے پر اسرائیل جائیں گے۔
بیان کے مطابق صدر جو بائیڈن نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ ’مشاورت‘ کے بعد اور فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے اعلان کردہ ’سوگ‘ کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا ہے، جو مصر کے صدر کے ساتھ سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’صدر نے غزہ میں ہسپتال میں ہونے والے دھماکے میں ضائع ہونے والی معصوم جانوں کے لیے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر: