Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی

فخر زمان اور بابر اعظم کے درمیان 194 رنز کی شراکت داری بنی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے  بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دے دی ہے۔
بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 41 اوورز میں 342 رنز کا ہدف درکار تھا۔ اور گرین شرٹس نے فخر زمان کے شاندار 126 اور بابر اعظم کے 66 رنز کی بدولت 25.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے کہ دوبارہ سے بارش شروع ہو گئی۔
جب کافی انتظار کے بعد بارش نہ رکی تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ فخز زمان کو ان کی شاندار اننگز پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
آج کی جیت کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگیا ہے اور اس کا رن ریٹ بھی مثبت ہو گیا ہے۔ گرین شرٹس کا آخری میچ انگلینڈ سے ہو گا جو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جیتنا لازمی ہے۔
سنیچر کو بنگلورو کے ایم چنا سوامی سٹیڈیم میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوا، اور نیوزی لینڈ نے پاکستان کو مقررہ 50 اوورز میں 402 رنز کا ہدف دیا۔ رچن روندرا نے 108 اور کین ولیمسن نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ آج بارش کا امکان بھی ہے۔ اس لیے کوشش ہو گی کہ بولرز پہلے فائدہ اٹھا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ میں پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ اسامہ میر کی جگہ حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

فخر زمان کی جارحیت اور نیوزی لینڈ کی بے بسی

پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں جب پاکستانی اوپنرز میدان میں اترے تو شاید کسی کو گمان بھی نہ تھا کہ گرین شرٹس یہ میچ جیت سکتی ہے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن آغاز میں دباؤ کی شکار دکھائی دی اور اوپنر عبداللہ شفیق دوسرے اوور میں ٹم ساؤدی کی آخری گیند پر کین ولیمسن کو کیچ دے بیٹھے۔

فخر زمان آٹھ چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 126 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اب بابر اعظم میدان میں آئے۔ آج پاکستانی بولرز نے انہیں بہت مایوس کیا تھا، اور ورلڈ کپ میں رہنے کے لیے نیوزی لینڈ سے جیتنا ضروری تھا۔ بابر کے اعتماد پر بولرز تو پورا نہ اترے لیکن فخر نے انہیں سرخرو کر دیا۔
فخر زمان کی طوفانی بیٹنگ کے آگے نیوزی لینڈ کے بولرز تنکوں کی طرح اڑتے گئے۔ انہوں نے 63 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی پاکستانی بیٹر کی تیز ترین سینچری ہے۔
ان کی جارحیت کے آگے نیوزی لینڈ کے بولرز بےبسی کی تصویر بنے نظر آئے۔ وہ 81 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 126 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسری جانب بابر اعظم نے بھی فخر زمان کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کا مورال نہ گرنے دیا۔ دونوں کے درمیان 194 رنز کی شراکت داری بنی۔ بابر 63 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بابر اعظم چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی اننگز

نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے اننگ کا آغاز پراعتماد طریقے سے کیا تھا اور ان کی میچ پر گرفت ان کی باڈی لینگویج سے واضح تھی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن روندرا نے 108 اور کین ولیمسن نے 95 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی سکور میں اضافہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی وکٹ ڈیون کانوے کی گری جب وہ 10ویں اوور کی پانچویں گیند پر حسن علی کا شکار بنے۔ کانوے 39 گیندوں پر 95 رنز بنا کر محمد رضوان کے ہاتھوں میں کیچ دے بیٹھے۔
یوں حسن علی کی ون ڈے کرکٹ میں وکٹوں کی سینچری مکمل ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن شاندار بیٹنگ کے بعد 35ویں اوور میں افتخار احمد کی گیند پر چھکا لگا کر سینچری مکمل کرنے کی کوشش میں فخر زمان کے ہاتھوں میں کیچ پکڑوا بیٹھے۔

کین ولیمسن 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کین ولیمسن نے 79 گیندوں پر 95 رنز کی اننگ کھیلی۔ انہوں نے 10 چوکے اور چار چھکے لگائے۔
نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 36ویں اوور میں گری جب رچن روندرا محمد وسیم کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
رچن روندرا نے 94 گیندوں پر 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 108 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 42ویں اوور میں گری جب ڈیرل مچل کو حارث رؤف نے بولڈ کر دیا۔ مچل نے 18 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 45ویں اوور میں گری جب محمد وسیم کی گیند پر مارک چیپ مین بولڈ ہوئے۔ انہوں نے 27 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا سکے۔

رچن روندرا نے 88 گیندوں پر اپنی سینچری مکمل کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد گلین فلپس 49 اوور میں محمد وسیم کی گیند پر بولڈ آؤٹ ہوئے۔ گلین فلپس نے 25 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 41 رنز سکور کیے۔
نیوزی لینڈ کے مچل سانٹنر 26 رنز جبکہ ٹام لیتھم دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی بولرز میں شاہین آفریدی 90، حارث رؤف 85 جبکہ حسن علی 82 رنز دے کر ٹیم کو کافی بھاری پڑے۔
حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک جبکہ محمد وسیم نے 60 رنز دے کر تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

شیئر: