Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کی شاندار پرفارمنس، مسلسل دوسری سینچری

وراٹ کوہلی نے93 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے شہر رائے پور میں بدھ کو وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں مسلسل دوسری سینچری سکور کر لی ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے 93 گیندوں پر دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں انہوں نے شاندار 135 رنز بنائے تھے۔
یوں وراٹ کوہلی نے ون ڈے فارمیٹ میں 53 سینچریاں مکمل کر لی ہیں جو انڈیا کی جانب سے اس فارمیٹ کا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے ون ڈے فارمیٹ میں انڈیا کی جانب سے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے 49 سینچریاں سکور کر رکھی تھی۔
وراٹ کوہلی کی مجموعی طور پر یہ 84ویں بین الاقوامی سینچری بھی ہے جس سے وہ سچن ٹنڈولکر کی 100 سینچریوں کے ریکارڈ کے اور بھی قریب پہنچ گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سچن ٹنڈولکر نے سنہ 2013 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
وراٹ کوہلی نے ون ڈے میں لگاتار سینچریاں بنانے کا بھی نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ یہ ان کی گیارہویں بار ہے جب انہوں نے دو میچوں میں لگاتار سینچریاں بنائی ہیں۔
آئی سی سی کی بیٹنگ رینکنگ میں بھی وراٹ کوہلی دوبارہ نمبر ون بننے کے قریب ہیں، وہ روہت شرما سے صرف 32 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ آئی سی سی رینکنگ میں روہت شرما اس وقت سب سے اوپر ہیں۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی کے بی سی سی آئی کے ساتھ اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔
بی سی سی آئی نے وراٹ کوہلی سمیت تمام کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کھیلنے کی ہدایت کر رکھی ہے جبکہ منگل کو خبر سامنے آئی تھی کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے اختلافات کے باعث وراٹ کوہلی نے اہم ترین ڈومیسٹک کرکٹ لیگ ’وجے ہزارے ٹرافی‘ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

شیئر: