Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی، عمانی رابطہ کونسل کا پہلا اجلاس 

سعودی عمانی رابطہ کونسل گیارہ جولائی 2021 کو قائم کی گئی تھی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عمانی رابطہ کونسل کا پہلا اجلاس دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘  کے مطابق رابطہ کونسل کا اجلاس سعودی عرب اور سلطنت عمان کے  گہرے اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم اور مربوط بنانے کے لیے کیا  جارہا ہے۔ 
اجلاس کی سربراہی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کی ۔ سعودی عرب کے  وفود کی قیادت وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جبکہ عمان کی جانب سےوزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کی۔ 
شہزادہ فیصل بن فرحان نے  اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سعودی عمانی تعلقات دونوں ملکوں کی قیادت کی رہنمائی میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
باہمی تعاون کو مستحکم بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی کردار کو راسخ کرنے کے سلسلے میں ثابت قدمی سے کام کیا جارہا ہے۔ 
فیصل بن فرحان نےکہا کہ  سعودی عرب عمان کا تیسرا بڑا کاروباری پارٹنر ہے اور عمانی برآمدات وصول کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔
سال  2022 کے دوران دونوں ملکوں کے کاروبار میں  245 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 5 برس کے دوران عمان اور سعوی عرب نے تقریبا 22 ارب ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔ 
فریقین نے دونوں ملکوں کے منفرد تعلقات کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ موقف اپنائے جائیں گے اور یکجہتی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا اہتمام کیا  جائے گا۔
فریقین کے سربراہوں نے رابطہ کونسل کی ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 
یاد رہے کہ  سعودی عمانی رابطہ کونسل گیارہ جولائی 2021 کو قائم کی گئی تھی۔ 

شیئر: