Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہماری پالیسیوں کو اپنا کر انڈیا نے معاشی ترقی حاصل کی: نواز شریف

نواز شریف کے مطابق ’پاکستان سنہ 2013 سے 2017 کے دوران دنیا کی 24ویں معیشت بن چکا تھا۔‘ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ’ہماری بنائی پالیسیوں کو اپنا کر انڈیا نے معاشی ترقی حاصل کی۔‘
جمعرات کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے خطاب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی معاشی مشکلات کو سمجھتے ہیں۔ ’ہماری بنائی گئی پالیسیوں پر پاکستان کی کاروباری برادری نے بھرپور عمل کیا اور فائدہ اٹھایا۔‘
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’سنہ 1990 کے بعد سے ہم نے کاروبار کو روایتی دائروں سے آزادی دلائی، دیگر ممالک بھی ان مراحل سے گزرے ہیں۔ ہم نے پالیسیاں بنائیں تو خزانہ بھرنا شروع ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں آنے والے سرمائے کے بارے میں نہ پوچھنے کی پالیسی ہونی چاہیے۔ ’ہماری پالیسیاں جاری رہتیں تو پاکستان ترقی کی رفتار میں کہیں آگے ہوتا۔‘
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک اور عوام کو مہنگائی، غربت سے نجات دلانا قومی ذمہ داری اور فرض ہے۔ ’اگر لوگ ترقی، تعلیم اور صحت کی سہولت مانگتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔‘
نواز شریف کے مطابق ’پاکستان سنہ 2013 سے 2017 کے دوران دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن چکا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے چار سال تک ڈالر کی شرح مبادلہ کو 104 روپے پر باندھ کر رکھا۔ ’ہمارے دور کی پالیسی جاری رہتی تو ڈالر آج چالیس 50 روپے کا ہوتا۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد نے دعویٰ کیا کہ سنہ 1998 میں ایٹمی دھماکے کیے تو اسلامی دنیا پاکستان کو اپنا رکھوالا سمجھنے لگی تھی۔ ’آج یہ حالت ہو گئی ہے کہ ایک ارب ڈالر کے لیے محتاج ہو گئے ہیں۔ یہ کلہاڑی ہم نے خود اپنے پاؤں پر ماری ہے۔ یہ برے حالات ہمارے اپنے فیصلوں کی وجہ سے پیدا ہوئے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دور میں پالیسی ریٹ سوا چھ فیصد جبکہ آج 22 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

شیئر: