Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اداکارہ ہوں، کام چاہتی ہوں‘ جب سشمیتا سین کی انڈسٹری میں واپسی ہوئی

فلم ’تالی‘ میں سشمیتا سین کو ٹرانسجینڈر گوری ساونت کے کردار میں دکھایا گیا تھا (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری سے ایک لمبی بریک کے بعد جب وہ دوبارہ کام شروع کرنا چاہتی تھیں تو انہوں لوگوں سے رابطے کیے۔
’مڈ ڈے‘ اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سشمیتا سین نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ شوبز میں واپسی اور اداکاری میں واپس آنا چاہتی تھیں تو انہوں نے فون اٹھانے اور لوگوں سے کام مانگنے سے شرم محسوس نہیں کی۔
سشمیتا سین نے کہا کہ انہوں نے نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس ہاٹ سٹار جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے سربراہوں کو فون کیا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں، اور سکرین پر واپس آنا چاہتی ہیں۔
سشمیتا سین کا کہنا تھا کہ ’میں نے نیٹ فلکس، ایمیزون پرائم ویڈیو، اور ہاٹ سٹار کے سربراہوں کو فون کیا۔ اور میں نے کہا میرا نام سشمیتا سین ہے۔ میں ایک اداکارہ ہوں، میں کام کرنا چاہتی ہوں۔‘
اس سال کے شروع میں ریلیز ہونے والی فلم ’تالی‘ میں سشمیتا سین کو ٹرانسجینڈر گوری ساونت کے کردار میں دکھایا گیا تھا اور اس فلم کو کافی پذیرائی ملی تھی۔ 
 انہوں نے کہا کہ وہ ’تالی‘ میں کام نہیں کرنا چاہتی تھیں جب تک کہ انہیں یہ معلوم نہ ہو گیا کہ خود گوری ساونت ہی چاہتی تھیں کہ سشمیتا اس کردار کو ادا کریں۔ اپنے آٹھ سالہ وقفے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ایک بہتر اداکارہ بننے کے لیے زندگی کا مشاہدہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
سشمیتا نے اداکاری سے طویل وقفے کے بعد 2020 میں اپنی ڈیجیٹل ڈیبیو ’آریہ‘ کے ساتھ واپسی کی۔ رام مادھوانی کی ہدایت کاری میں بننے والے شو سے پہلے سشمیتا کو کچھ چھوٹی کامیڈی فلموں جیسے ’دلہا مل گیا‘ اور ’نو پرابلم‘ میں دیکھا گیا تھا۔ ’فالتو‘ میں ان کا ایک کیمیو بھی تھا۔ بریک سے پہلے ان کی 2015 کی بنگالی فلم ’نرباک‘ آخری فلم تھی۔
ہندوستان ٹائمز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سشمیتا نے اس سال کے شروع میں اپنی واپسی کے بارے میں بات کی۔
’میں نے ایک نئے آنے والے کی طرح محسوس کیا، 14 گھنٹے کی ورکشاپس میں شرکت کرنا اور دیر سے گھر آنے کو میں نے پسند کیا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنے دل کی بات سنی، چاہے اس کا مطلب فلموں سے دوری ہی کیوں نہ تھی۔‘

شیئر: