ٹائیگر 3: جاسوسی کی دنیا میں ’آپ، جناب اور میاں‘ کی بھرمار
ٹائیگر 3: جاسوسی کی دنیا میں ’آپ، جناب اور میاں‘ کی بھرمار
بدھ 15 نومبر 2023 13:52
خاور جمال
ٹائیگر تھری میں کترینہ کیف ایجنٹ زویا کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹھیک ہے آپ سلمان خان ہیں لیکن اس کا یہ مطلب تو نہیں کہ آپ شاہراہِ قراقرم جیسی خطرناک پہاڑی سڑک پر ریس لگاتی لوکل بسوں کی طرح موٹر سائیکل چلاتے جا رہے ہیں اور گولیوں کی بارش کا ایک قطرہ بھی آپ کو چھو نہیں پا رہا۔
تھوڑا سا زخمی ہی کر دیتے لیکن نہیں کہ ایکشن ہیرو کو جسم پر کوئی چوٹ نہیں لگتی بلکہ دل پر لگا کرتی ہے۔
ٹائیگر 3 یش راج فلمز کے جھنڈے تلے بننے والی ’جاسوسوں کی دنیا‘ (Spy universe) پر مشتمل فلموں کی سیریز کی پانچویں قسط اور سلمان خان ہی کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کا اگلا حصہ ہے۔
اس فلم میں دونوں ایجنٹس یعنی زویا (کترینہ کیف) اور ٹائیگر( سلمان خان) کو شادی شدہ دکھایا گیا تھا اور ان کا بیٹا ’جونیئر‘ بھی کہانی میں شامل تھا جو اب بڑا ہو چکا ہے۔
اس فلم کی کہانی سال 1999 کے پس منظر سے شروع ہوتی ہے جب ایجنٹ زویا کا لڑکپن تھا اور ان کے والد کی دشمن ملک کے ایجنٹس کی وجہ سے ہلاکت کے بعد آفیسر آتش رحمان( عمران ہاشمی) انہیں اپنی سر پرستی میں لے کر ایجنٹ بناتے ہیں۔
اب حال میں ٹائیگر کو ایک ایجنٹ کی جان بچا کر واپس لانے کا مشن سونپا جاتا ہے جو ٹائیگر صاحب شاندار قسم کے انتہائی غیر حقیقی ایکشن دیکھاتے ہوئے مکمل کر لیتے ہیں۔
بچا لیا جانے والا وہ ایجنٹ زخموں کی تاب نہ لا سکا اور مرتے وقت ٹائیگر کو یہ راز بتا گیا کہ زویا بطور ایجنٹ پاکستان کے لیے کام کر رہی ہے۔ شدید صدمے سے دوچار ٹائیگر اب زویا کی جاسوسی شروع کر دیتا ہے اور یہ حقیقت آشکار ہوتی ہے کہ یہ سارا پلان آتش رحمان کا ہے جس نے ان کے بیٹے ’جونئیر‘ کو ان کے فیملی ڈاکٹر کے ذریعے بیمار کر کے یرغمال بنایا اور زویا کو مجبور کیا کہ اس کا ساتھ دے۔
آتش رحمان دراصل ٹائیگر سے ذاتی عناد رکھتا ہے کیوں کہ ٹائیگر نے اس کی بیوی جو پاکستانی ایجنٹ ہی تھی کو کچھ سال پہلے انڈین آرمی چیف کو مارنے کی کوشش کرتے ہوئے ہلاک کر دیا تھا اور یہ آتش رحمان کا ہی پلان تھا جس کے بعد وہ ایک غدار پاکستانی ایجنٹ کے طور پر سامنے آتا ہے۔
اب زویا اور ٹائیگر کا بیٹا آتش رحمان کے قبضے میں ہے اور وہ دونوں اس کی کٹھ پتلیاں۔ آتش اپنے پلان کے ذریعے انڈین ایجنٹ زویا اور ٹائیگر کو استعمال کر کے کہاں کہاں ’آتش‘ پھیلانے کا سوچ رہا ہے اس کے لیے فلم ملاحظہ فرمائیں۔
حیرت کی بات ہے کہ منیش شرما جو کئی برس معاون ہدایت کار رہنے کے بعد بالکل نئے اداکاروں کے ساتھ ’بینڈ باجا بارات‘ جیسی سوپر ہٹ فلم دیتے ہیں مگر سپر سٹار سلمان خان کے ہوتے ہوئے فلم میں ہدایت کاری کا جادو جگانے سے قاصر رہتے ہیں۔
فلم کی کہانی آدتیہ چوپڑا نے لکھی ہے جو یش راج فلمز کے مالک ہیں اور نئے لوگوں کو موقع دیتے ہیں۔ کاش اس بار بھی کسی نئے لکھاری کو ہی موقع دے دیتے۔
فلم میں شاہ رخ خان بطور مہمان اداکار نظر آئیں گے کیوں کہ جب ٹائیگر نے پٹھان کے مشکل وقت میں اس کا ساتھ دیا تھا تو یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ پٹھان اپنے دوست کی مدد کرنے نہ پہنچے۔ تقریباً 30 منٹ کے ایکشن سین میں دونوں سپر سٹار سکرین پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
شاہ رخ خان تو پھر کچھ ہلتے جلتے نظر آتے ہیں لیکن سلمان خان ’نہ ہلنے‘ کی اپنی گزشتہ روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں چاہے گن چلا رہے ہوں یا کھڈوں میں تیزی سے موٹر سائیکل۔ میری رائے میں ان کا نام اب ’پتھر کا سلمان خان‘ رکھ دینا چاہیے۔
اچھی بات یہ ہے کہ فلم میں پاکستان کو مکمل طور پر برا نہیں دکھایا گیا جیسا کہ فلم ’غدر 2‘ بالکل ہی پاکستان دشمنی پر بنائی گئی تھی۔ یہ بتایا گیا ہے کہ کسی نہ کسی موڑ پر دونوں ملک آپس میں امن چاہتے ہیں لیکن آپ، جناب اور میاں جیسے الفاظ کی اس فلم میں بھی بھرمار ہے لہذا ذہنی طور پر تیار رہیں۔
300 کروڑ انڈین روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم اب تک کی یش راج فلمز کی سب سے مہنگی فلم ہے۔ 12 نومبر کو ریلیز ہونے والی ٹائیگر 3 اب تک پوری دنیا میں 183 کروڑ کما چکی ہے۔
بعید نہیں کہ یہ فلم اگلے کچھ دن میں 3 یا 4 سو کروڑ تک بھی پہنچ جائے لیکن حیرت ہے کہ سٹارڈم کے میٹھے لبادوں میں لپٹی ان کمرشل فلموں کے اندر کھوکھلے سکرپٹ، غیر حقیقی ایکشن اور سپاٹ چہروں کو اداکاری کے طور پر پیش کرنے کی حقیقت کو کوئی دیکھ نہیں پا رہا۔ ہو سکتا ہے اب عوام یہی پسند کرتے ہوں لیکن میری رائے میں یہ آرٹ کا زوال ہے۔
آئی ایم ڈی بی پر اس فلم کی ریٹنگ 10 میں سے 7.7 تک پہنچ گئی ہے جو پہلے دن اس سے زیادہ تھی۔ یہ ریٹنگ بھی شاید کترینہ کیف کے خاص ایکشن سین کی بدولت 7 پر رکی ہوئی ہے ورنہ ایکشن تو فلم میں ایسا ہے کہ انسان کوئی تامل فلم ہی دیکھ لے تو بہتر ہے۔
ترکی، روس اور یورپ کے دوسرے مقامات پر شوٹنگ کے ساتھ اگر کچھ پیسہ سپیشل ایفیکٹس پر بھی لگا دیا جاتا تو شاید فلم کو سلمان خان کی سٹارڈم کے ساتھ چار نہیں تو دو ایک چاند ضرور لگ جاتے۔
فلم کے ختم ہو جانے کے بعد آخر میں ریتک روشن کو بھی دکھایا گیا ہے جو اسی ’جاسوسوں کی دنیا‘ کا کردار ایجنٹ کبیر کے روپ میں ادا کر چکے ہیں۔ یہ ان کی اگلی فلم کا تعارفی سین ہے۔
میری رائے میں اب ایجنٹ ٹائیگر کو ریٹائر کر دینا چاہیے کیوں کہ ان کا ہی مشہور ڈائیلاگ ہے کہ ’جب تک ٹائیگر مرا نہیں، تب تک ٹائیگر ہارا نہیں‘ چنانچہ اگلی فلم میں ٹائیگر صاحب کو ڈھیلا ایکشن پیش کرنے کی مد میں سزا دے کر ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کی ترکیب نکالی جا سکتی ہے۔