Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلوی ٹیم کی وطن واپسی، ’اُوبر بلائی اور گھر گئے‘

آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم انڈیا میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے۔
ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انڈیا سے واپسی پوری آسٹریلوی ٹیم کی نہیں ہوئی بلکہ کپتان پیٹ کمنز سمیت کچھ کھلاڑی ہی گھر پہنچے ہیں۔
ورلڈ کپ جیتنے والے سکواڈ میں شامل سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، شاون ایبٹ، گلین میسکویل، مارکُس سٹوئنس اور ایڈم زیمپا انڈیا ہی میں موجود ہیں جنہوں نے جمعرات سے انڈیا کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنی ہے۔
آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وطن واپسی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کپتان پیٹ کمنز اپنا سامان اٹھائے ایئرپورٹ پر جا رہے ہیں لیکن ان کا استقبال کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر عوام موجود ہی نہیں۔
 
اس بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین کے دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
فرضی کرکٹر اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’یہ پیٹ کمنز کا ایئرپورٹ پر استقبال ہے۔ ایسے لگتا ہے جیسے آسٹریلیا میں کرکٹ ورلڈ کپ ٹی وی پر نشر ہی نہیں کیا گیا۔‘
 
بھاسکر سانُو نے اس کے جواب میں لکھا کہ ’یہ ورلڈ کپ کو عام ایونٹ کی طرح لیتے ہیں۔ اسی وجہ سے اِن پر باہر سے کوئی دباؤ نہیں ہوتا۔‘
 
سندیپ رمیش نے پیٹ کمنز کی وطن واپسی کی ویڈیو پر تبصرہ کیا کہ ’شاید اُوبر بلائی ہو اور گھر گئے ہوں۔‘
 
عرفان نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ ’دیسی فیملی میں اس سے زیادہ لوگ اپنے اُس بچے کو ایئرپورٹ سے لینے چلے جاتے ہیں جو بیرون ملک میں کام کرتا ہے اور چھٹیوں میں گھر آتا ہے۔‘
 
حسن نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ’ورلڈ کپ جیت کر واپس آ رہے ہو؟ شاباش، چلو اب ایئرپورٹ سے کریم بُک کر کے گھر آ جاؤ۔‘
 
بسمہ نے بھی اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’انہیں جیتنے کی اتنی عادت ہے۔ یہ اِن کے لیے عام سی بات ہے۔‘
 
خیال رہے آسٹریلیا نے 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دینے کے بعد ٹائٹل چھٹی مرتبہ اپنے  نام کر لیا تھا۔

شیئر: