Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپر چترال میں متنازع زمین سے درخت کاٹنے پر جھگڑا، ایک شخص قتل

پولیس کے مطابق فریقین آپس میں رشتے دار ہیں جن کے درمیان  زمین کا تنازع کئی برسوں سے چل رہا تھا (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کے صوبہ خیبرپختوانخوا کے ضلع چترال میں متنازع زمین سے درخت کاٹنے پر تلخ کلامی کے بعد چچا زاد بھائی کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ مقتول کا بھائی زخمی ہو گیا۔
پولیس نے مقتول کے زخمی بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ضلع اپر چترال کے علاقے سورلاسپور میں پیر کو متنازع زمین سے درخٹ کاٹنے پر چچازاد بھائی آپس میں لڑ پڑے اور فائرنگ کے نتیجے میں نیت ولی نامی شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس کے مطابق فریقین آپس میں رشتے دار ہیں جن کے درمیان  زمین کا تنازع کئی برسوں سے چل رہا تھا۔
پولیس نے مقتول کے زخمی بھائی ولی محمد کی مدعیت میں چار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج  کر لی ہے۔ ایف آئی آر میں مقتول کے زخمی بھائی نے موقف اپنایا ہے کہ صبح دس بجے جب وہ اپنے بھائی کے ہمراہ ملکیتی جنگل میں جارہے تھے تو چچازاد بھائی نظر آئے جو ان کی زمین سے ایک درخت کاٹ رہے تھے۔
مدعی نے جب وجہ پوچھی تو ملزمان نے تلخ کلامی کی اور پھر ہاتھا پائی کے بعد فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کے بھائی نیت ولی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ولی محمد نے پولیس کو بتایا کہ ’ملزمان نے کلہاڑی سے وار کرکے مجھے زخمی کیا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے تمام شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں جبکہ کچھ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کر لیے ہیں۔

شیئر: