Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے نہر میں چھلانگ لگا دی

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس سے چُھپنے کے لیے ملزم نے نہر میں چھلانگ لگا دی۔
 اتوار کو پشاور پولیس نے کہا ہے کہ ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے جو آئی فون رکھنے والے شہریوں کی ریکی کرکے کارروائی کرتا تھا۔
پشاور کے پُوش علاقے حیات آباد میں جب پولیس نے مطلوب ملزم عبداللہ کا تعاقب کیا تو اس نے بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے نہر میں چھلانگ لگا دی تاہم بعد میں پولیس نے نہر سے نکال کر گرفتار کر لیا۔
ایس ڈی پی او حیات آباد نایاب مُعیز نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملزم کی گرفتاری کے وقت اس کے رشتہ داروں نے روکنے کی کوشش کی اور پولیس کو پتھر بھی مارے۔‘
انہوں نے کہا کہ ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے جو متعدد راہزنی کے وارداتوں میں مطلوب ہے۔
ملزم کا تعلق آئی فون چھیننے والے گینگ سے ہے اور یہ گینگ صرف آئی فون رکھنے والے شہریوں کو لوٹتا ہے۔
ایس ڈی پی او کے مطابق یہ گینگ شہر کی ریکی کرکے کارروائی کرتا ہے تاہم ملزم عبداللہ پر پیٹرول ڈکیتی کا الزام بھی ہے۔
ایس ڈی پی او نایاب معیز کا کہنا تھا کہ ’پوش علاقے حیات آباد میں یہ گینگ آئی فون رکھنے والوں کو اپنا شکار بناتے ہیں اور پھر یہ آئی فون پارٹس میں کر کے فروخت کرتے ہیں۔‘
پولیس کے مطابق ملزم عبداللہ نے پہلے بھی جیل کاٹی مگر ضمانت کے بعد باہر آ گیا تھا۔

شیئر: