ٹیکس نیٹ میں توسیع: 145 اداروں کو ایف بی آر سے منسلک ہونے کی ہدایت
منگل 5 دسمبر 2023 22:51
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
ایف بی آر نے ریڈار سسٹم سے منسلک ہونے کے لیے 15جنوری 2024 کی ڈیڈلائن مقرر کر دی ہے۔ (فوٹو: ایکس)
عالمی مالیاتی فنڈ کی شرائط کے تحت ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 145 سرکاری ونجی اداروں کو ریڈار سسٹم سے منسلک ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔
نئے طریقہ کار کےتحت تمام متعلقہ ادارے، تنظیمیں ایف بی آر کو تازہ ڈیٹا دینے کی پابند ہوں گی۔
ایف بی آر کے انکم ٹیکس قواعد 2002 میں ترامیم کے مسودے کے نوٹیفکیشن کے مطابق نجی اداروں کو بھی ایف بی آر ریڈار سسٹم سے منسلک ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
نئے طریقہ کار کے تحت تمام متعلقہ ادارے، تنظیمیں تازہ ڈیٹا دینے اور کاروباری سرگرمیوں، اثاثوں و دیگر اشیا کو دستاویزی شکل دینے کے پابند ہوں گے۔
ایف بی آر نے ریڈار سسٹم سے منسلک ہونے کے لیے 15جنوری 2024 کی ڈیڈلائن مقرر کر دی ہے۔
متعلقہ اداروں کے لیے کامن ٹرانسمیشن سسٹم پر مبنی آئی ٹی پلیٹ فارم قائم کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے درست، مصدقہ، مکمل معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
ایف بی آر نوٹیفکیشن کے مطابق اے جی پی آر، سرمایہ کاری بورڈ، اقتصادی امور ڈویژن کو نئے سسٹم میں آنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک، خزانہ ڈویژن، سی ڈی اے، وزارت صنعت و تجارت کو بھی ڈیٹا شیئرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ، خارجہ امور، ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔
وزارت تجارت، نیشنل لاجسٹک سیل، او جی ڈی سی ایل بھی اداروں میں شامل ہیں۔ ایف بی کے مطابق پی ٹی اے، پٹرولیم ڈویژن، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن بھی ریڈار سسٹم سے منسلک ہوں گے۔
چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ریونیو، فنانس محکمے بھی ریڈار سسٹم کا حصہ ہوں گے۔
کمرشل بینکس، مائیکروفنانس بینک، انشورنس کمپنیاں بھی قوانین پر عملدرآمد کی پابند ہوں گی۔