انڈین سفیر کی قطر میں سزائے موت پانے والے سابق نیوی افسران سے ملاقات
جمعرات 7 دسمبر 2023 18:39
قطر کی ایک عدالت نے انڈین بحریہ کے سابق افسران کو سزائے موت دینے کا فیصلہ 26 اکتوبر کو سنایا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ قطر میں اُن کے سفیر کی انڈین نیوی کے آٹھ سابق افسران سے ملاقات ہوگئی ہے جنہیں ایک عدالت نے اکتوبر میں سزائے موت سُنائی تھی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے جمعرات کو تصدیق کی کہ ’ہمارے سفیر کو 3 دسمبر کو جیل میں قید آٹھوں افراد تک رسائی مل گئی تھی۔‘
خیال رہے پچھلے مہینے انڈیا نے قطر میں اپنی بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو دی گئی سزائے موت کے خلاف عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔
اپیلوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اپیلوں پر 23 اور 30 نومبر کو دو سماعتیں ہو چکی ہیں۔ ہم معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور ہر قسم کی قانونی مدد فراہم کر رہے ہیں۔‘
ارندم باغچی کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ایک حساس معاملہ ہے اور جو ہم کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے قطر کی ایک عدالت نے انڈین بحریہ کے سابق افسران کو سزائے موت دینے کا فیصلہ 26 اکتوبر کو سنایا تھا۔
تاہم اُن کو کن الزامات پر یہ سزا سنائی گئی ہے فی الحال اس کی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ میں سزائے موت پانے والے انڈین بحریہ کے سابق افسران کی شناخت کمانڈر (ریٹائرڈ) پورنیندو تیواری، کیپٹن (ریٹائرڈ) نوتیج سنگھ گل، کمانڈر (ریٹائرڈ) بیرندر کمار ورما، کیپٹن (ریٹائرڈ) سوربھ وششت، کمانڈر (ریٹائرڈ) سوگناکر پکالا، کمانڈر (ریٹائرڈ) امیت ناگپال، کمانڈر (ریٹائرڈ) امیت ناگپال اور سیلر راگیش کے طور پر کی گئی ہے۔
سزا پانے والے انڈین بحریہ کے سابق اہلکار دوحہ میں قائم ’الظاہرہ العالمی کنسلٹینسی اینڈ سروسز‘ کے لیے کام کرتے تھے۔ یہ کمپنی قطر کی بحریہ کو تربیت اور ساز و سامان فراہم کرتی ہے۔