Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وکٹ گرنے پر ناٹ آؤٹ،‘ کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا واقعہ

بولر نے گیند کرائی جو وکٹوں کو لگی اور درمیانی وکٹ بیلز کے نیچے سے نکل گئی (فوٹو: وال مرڈوک)
کرکٹ کی دنیا میں بہت سے دلچسپ اور عجیب واقعات پیش آتے ہیں جو کرکٹ شائقین کو حیرت میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ آسٹریلیا کے مقامی میچ میں پیش آیا جہاں بولر نے ایک لیگل گیند کروائی جو وکٹوں کو جا لگی مگر بیٹر کو آؤٹ قرار نہیں دیا گیا۔ 
آسٹریلیا میں ریڈ اوول میں گینیندررا کے ساتھ ویسٹرن ڈسٹرکٹس کے میچ کی سوشل میڈیا پر وائرل ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بولر نے گیند کرائی جو وکٹوں کو لگی اور درمیانی وکٹ بیلز کے نیچے سے نکل گئی۔
اتوار کو ہونے والے میچ میں بال وکٹ کو لگنے کے باوجود نہ تو کوئی وکٹ زمین سے اکھڑی اور نہ ہی دونوں میں سے کوئی ایک بیل زمین پر گری، جس پر امپائر نے بیٹر کو ناٹ آؤٹ قرار دے دیا۔
کینبرا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گینندرا کے بولر اینڈی رینالڈز ٹیم ٹائیگرز کے اوپنر میتھیو بوسٹو کو کلین بولڈ کرنے کے بعد جشن منا رہے تھے جس کے بعد سب کو احساس ہوا کہ بیلز تاحال وکٹوں پر ہی موجود تھیں۔
اسی دوران بیٹر جو کریز چھوڑ کر پویلین کی طرف جا رہے تھے وہ بھی واپس آتے دکھائی دیے۔
طویل غور و فکر کے بعد امپائرز کے پاس کرکٹ کے قوانین کے مطابق بوسٹو کو ناٹ آؤٹ قرار دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
میلبورن کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے قانون  29.22 کے مطابق ’ایک بیٹر کو تب تک بولڈ آؤٹ قرار نہیں دیا جا سکتا ہے جب تک سٹمپ کے اوپر سے کم از کم ایک بیل مکمل طور پر نہ گرے یا کم ازکم ایک یا اُس سے زیادہ سٹمپ مکمل طور پر زمین سے نہ اُکھڑ جائیں۔‘

شیئر: