Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کا طلبا کے لیے ویزا قوانین سخت کرنے کا فیصلہ

تارکین وطن کی بڑھتی تعداد کو روکنے کے لیے آسٹریلیا نے غیرملکی طلبا اور کم ہنرمند افراد کے لیے ویزا قوانین کو سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رؤٹرز کے مطابق آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملک میں تعلیم کے لیے آنے والے بین الاقوامی طلبا اور کم ہنرمند افراد کے لیے ویزا کے قوانین کو سخت کریں گے۔
نئی پالیسیوں کے تحت بین الاقوامی طلباء کو انگریزی ٹیسٹ میں اعلیٰ درجہ بندی حاصل کرنے کی ضرورت ہو گی اور طالب علم کی دوسری ویزا درخواست پر مزید جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ کلیئر اونیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری حکمت عملی نقل مکانی کی تعداد کو معمول پر لائے گی، یہ صرف نمبروں کی حد تک نہیں ہے اس وقت ہمارا ملک ہجرت کا جو تجربہ کر رہا ہے یہ درحقیقت آسٹریلیا کے مستقبل کے بارے میں ہے۔‘
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ ’آسٹریلیا کی نقل مکانی کی تعداد کو پائیدار سطح پر واپس لانے کی ضرورت ہے نظام خراب ہو چکا ہے۔‘
آسٹریلوی وزیر داخلہ کلیئر اونیل  کے مطابق ’نئی امیگریشن پالیسی اُن غیرملکی ہنرمندوں کو آسٹریلیا کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کرے گی جن کی آسڑیلیا کو بہت ضرورت ہے۔‘
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار غیرملکی طلباء ہیں، جون 2023 تک 5 لاکھ 10 ہزار افراد آسٹریلیا میں آکر آباد ہوئے ہیں اب اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے جون 2025 تک سالانہ انٹیک ڈھائی لاکھ تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آسڑیلیا میں تارکین وطن کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر کے مسائل میں بے حد اضافہ ہوا ہے پھر بھی ملک میں ہنر مند افراد کی بہت کمی ہے۔

شیئر: