Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں لوسیڈ نے 800 الیکٹرانک کاریں اسمبل کر دیں

پلانٹ میں ایک سال میں  5000 گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
الیکٹرانک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی لوسیڈ نے سعودی عرب میں قائم کی گئی اپنی فیکٹری میں افتتاح کے بعد سے تقریباً 800 کاریں اسمبل کی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لوسیڈ گروپ کے مشرق وسطیٰ کے مینجنگ ڈائریکٹر نے بدھ کو بتایا کہ ہماری بنیادی توجہ 200 سے زائد مقامی ملازمین کو تربیت دینے پر ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم لوسیڈ کار مینوفیکچرنگ کمپنی نے امریکہ سے باہر اپنے پہلے پلانٹ کا افتتاح ستمبر میں کیا تھا۔
کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں لگائے گئے اس پلانٹ میں ایک سال کے اندر 5000 الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کی ابتدائی صلاحیت موجود ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے آئندہ دس برس میں لوسیڈ سے ایک لاکھ گاڑیاں خریدنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
لوسیڈ کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ الیکٹرک کار مکمل طور پر ایریزونا میں تیار ہوتی ہے اور پھر ڈی اسمبل کر کے مملکت کے پلانٹ پر پہنچتی ہے جہاں اسے دوبارہ اسمبل کیا جاتا ہے۔
فیصل سلطان نے مزید بتایا کہ جدہ کے قریب کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں قائم کی گئی فیکٹری میں کارکن گاڑی کو مکمل طور پر اسمبل کرنے کے بعد بیٹری کو دوبارہ جوڑتے ہیں، ٹائر دوبارہ لگاتے ہیں اور گاڑی کی دوبارہ سے مکمل جانچ کی جاتی ہے۔

مملکت میں 2026 میں لوسیڈ کا مکمل یونٹ نصب کیا جائے گا (فائل فوٹو: لوسیڈ)

سعودی عرب کا خودمختار دولت فنڈ، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ لوسیڈ کار پلانٹ میں 60 فیصد سے زیادہ حصص کا مالک ہے اور کمپنی میں اربوں ریال کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ مملکت میں لگائی گئی فیکٹری ہمارے لیے ایک چھوٹا آپریشن ہے اور ہمارا نقطہ نظر اس پلانٹ سے مقامی افراد کو تربیت فراہم کرنا ہے۔

آئندہ دس برس میں لوسیڈ سے ایک لاکھ گاڑیاں خریدنے کا پروگرام ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)

لوسیڈ کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین نے بتایا کہ مملکت میں 2026 میں مکمل یونٹ نصب کیا جائے گا جس میں کار بنانے کی صلاحیت رکھنے والی فیکٹری کے لیے تعمیر شروع ہو چکی ہے۔ لوسیڈ سٹاف میں اس وقت نصف تعداد مقامی افراد کی ہے۔
 

شیئر: