Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان

سرفراز احمد پچھلے آٹھ برسوں سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لیگ کے نویں ایڈیشن میں کپتان سرفراز احمد کو تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق فرینچائز نے پلیئرز ڈرافٹنگ کے دوران سرفراز احمد کو ٹیم کا کپتان نامزد کیا تھا لیکن اب اس میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
خیال رہے سرفراز احمد پچھلے آٹھ برسوں سے ٹیم کے کپتان ہیں اور اُن کی قیادت میں صرف ایک بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل جیت سکی ہے۔
رواں برس فرینچائز کی جانب سے منیجمنٹ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بعد معین خان کو ڈائریکٹر، شین واٹسن کوچ اور شان ٹیٹ کو ٹیم کا بولنگ کوچ بنایا گیا ہے۔
’کرک انفو‘ کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے شین واٹسن سے اُن کی رائے طلب کی گئی ہے۔
سرفراز احمد کو اگر تبدیل کیا جاتا ہے تو اُن کی جگہ جنوبی افریقی بیٹر ریلی روسو یا ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی قیادت کے لیے مشہور سعود شکیل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔
خیال رہے اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر ایک انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ ’سرفراز احمد خوشی سے کپتانی سے علیحدہ ہوجائیں گے اگر ٹیم کوئی ایسی تبدیلی لانا چاہے گی تو۔‘
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’ہماری شین واٹسن سے اس حوالے سے کچھ دنوں میں بات چیت ہوگی اور ہم تب ہی کوئی فیصلہ لے پائیں گے۔‘

شیئر: