ڈیوس کپ: انڈین ٹینس ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے کا امکان
جمعرات 28 دسمبر 2023 20:40
انڈیا کے دو ٹاپ ٹینس کھلاڑیوں نے ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے کے لیے پاکستان جانے سے انکار کیا (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
انڈیا، حریف پاکستان کی میزبانی میں ڈیوس کپ کے میچ سے دستبردار ہو سکتا ہے، مقامی ٹینس ایسوسی ایشن نے جمعرات کو بتایا کہ ’ٹیم نئی حکومتی منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جوہری ہتھیار رکھنے والے پڑوسی 1947 میں برطانوی راج سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے کئی جنگیں لڑ چکے ہیں، اور دونوں ممالک کی دشمنی کی وجہ سے ان کے درمیان کھیلوں کے مقابلے متاثر ہو رہے ہیں۔
آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن (اے آئی ٹی اے) نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے ٹریبیونل کی طرف سے ٹائی کو تیسرے ملک میں منتقل کرنے کی درخواست مسترد ہونے کے بعد وزارت کھیل سے دورہ پاکستان کی اجازت طلب کر رکھی ہے۔
اے آئی ٹی اے کے سیکریٹری جنرل انیل دھوپر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ تجویز ابھی وزارت کھیل کے پاس زیرِ التوا ہے اور ہم فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان کا کہنا ہے ’انڈین ٹیس سکواڈ کے 18 ارکان نے 3 اور 4 فروری کو شیڈول ورلڈ گروپ ون کے مقابلے کے لیے ویزوں کی درخواست کی تھی۔
اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان اور انڈیا کی ٹائی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہیں بہترین سکیورٹی اور رہائش فراہم کی جائے گی۔‘
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’سیاست کو کھیلوں سے دُور رکھا جانا چاہیے۔‘
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ’انڈین ٹیم نے آخری مرتبہ 2006 میں پاکستانی ٹینس ٹیم کی میزبانی کی تھی جبکہ انڈین ڈیوس کپ ٹیم نے آخری بار 1964 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔‘
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ انڈیا کے دو ٹاپ ٹینس کھلاڑیوں سومیت ناگل اور سسی کمار موکنڈ نے ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے کے لیے پاکستان جانے سے انکار کردیا تھا۔