Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری نے بنگلہ دیشی ملازمہ کی شادی کرادی، فرنشڈ گھر بھی دیا

مملکت میں شادی کے لیے ملازمہ کے منگیتر کا ویزا بھی نکلوا کر دیا (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کےحائل ریجن میں سعودی شہری نے بنگلہ دیشی خادمہ کی نہ صرف شادی کے اخراجات برداشت کیے بلکہ اس کے منگیتر کو مملکت بلا کر اس کا گھر بسا دیا۔ 
عاجل نیوز کے مطابق  سعودی شہری ترکی الحمدان نے بتایا کہ’ بنگلہ دیشی ملازمہ نے اپنے حسن سلوک سے گھر کے ہرفرد کو اپنا بنایا۔ وہ ہمارے لیے خادمہ نہیں بلکہ گھر کے ایک فرد کی حیثیت اختیار کرگئی ہے‘۔ 
’ ملازمہ بنگلہ دیش جانا چاہتی تھی مگر میرے چھوٹے بچے اس سے اس قدر مانوس ہو چکے تھے کہ اس کے بغیران کا رہنا مشکل تھا بلکہ خادمہ کا دل بھی بچوں کے بغیر نہیں لگتا تھا‘۔ 
جبکہ  ملازمہ کا اپنے وطن جانا بھی ضروری تھا جہاں اس نے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنا تھا۔  
سعودی شہری الحمدان کا  کہنا تھا کہ’ اس صورتحال میں مشورہ دیا کہ وہ وطن نہ جائے بلکہ ہم اس کے منگیتر کے لیے ویزے کا بندوبست کرتے ہیں اور شادی یہاں کرائیں گے‘۔ 
’ملازمہ کے رضامند ہونے پر منگیتر کا ویزہ جاری کیا گیا اور دونوں کی دھوم دھام سے شادی کرائی گئی‘۔ 
سعودی شہری نے نہ صرف خادمہ کی شادی کے اخراجات برداشت کیے بلکہ جوڑے کے لیے فرنشڈ مکان کا بھی انتظام کیا جہاں انہوں نے اپنی نئی زندگی کے سفر کا آغازکیا۔ 
شادی کی تقریب میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورجوڑے کو تحائف اور دعاوں کے ساتھ رخصت کیا۔ 

شیئر: