غزہ، فلسطینی ریاست کا حصہ ہے: عرب پارلیمنٹ
جمعرات 4 جنوری 2024 22:30
اسرائیلی وزارء کے بیانات نسلی امتیاز پرمبنی ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
عرب پارلیمنٹ نے فلسطینیوں کو غزہ سے جبرا بے دخل کرنے کی ہر تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرب پارلیمنٹ کی جانب سے جمعرات کوجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 1967 کے المیے کا منظرنامہ دہرائے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اورمکمل خودمختار فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے اور رہے گا۔
عرب پارلیمنٹ نے زور دے کر کہا کہ قابض اسرائیلی حکومت کے بعض انتہا پسند وزرا کی نسل پرستی والے بیانات وحشیانہ ذہنیت کا پتہ دے رہے ہیں۔
بعض اسرائیلی وزرا نے کہا ہے کہ غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کردیا جائے ۔ غزہ پٹی پر دوبارہ قبضہ کرلیا جائے اور وہاں یہودی بستیاں بسائی جائیں۔
اسرائیلی وزرا کے یہ بیانات نسلی امتیاز کے وحشیانہ مزاج کا پتہ دے رہے ہیں۔ اس قسم کے بیانات سے علاقے میں کشیدگی کا لاوا بھڑکے گا۔ یہ بیانات بین الاقوامی انسانی قانون اور بین الاقوامی قانونی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف اجتماعی نسل کشی کی جنگ بند کرانے اور ان کی جبری بے دخلی کی سکیموں کو رکوانے کے لیے حقیقی دباؤ استعمال کرے۔