Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ العلا جزیرہ العرب میں عجائبات کا نخلستان‘ ، بیجنگ میں نمائش کا افتتاح

نمائش میں العلا کمشنری کے تاریخی پہلووں کو اجاگرکیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی العلا رائل کمیشن نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں العلا کے حوالے سے ’ العلا : جزیرہ العرب میں عجائبات کا نخلستان ‘ کے عنوان سے نمائش کا افتتاح کیا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نمائش کا انعقاد ’ امپیریل پیلس ‘ میں کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سعودی عرب اور چین کی اعلی عہدیدار موجود تھے۔ 
چین میں سعودی عرب کے سفیر عبدالرحمان الحربی اور العلا رائل کمیشن کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ عبدالرحمن الطریری کے علاوہ سفارت خانے کے دیگر اعلی عہدیدار جبکہ چینی حکومت کے عہدیدار اور دیگر سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ 
نمائش کا انعقاد العلا رائل کمیشن اور فرانسیسی ایجنسی برائے العلا ترقی کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ نمائش 22 مارچ تک جاری رہے گی۔ 
نمائش میں العلا کمشنری کے تاریخی پہلووں کو اجاگرکیا گیا ہے جبکہ وہاں کے اہم مقامات کے ماڈلز اور تصاویر بھی رکھیں گئی ہیں۔
علاوہ ازیں العلا کے قدیم مکانات جو چٹانوں میں تعمیر کیے گئے تھے ان پر بنائی گئی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ 
چین میں منعقد نمائش میں پہلی بار 235 سے زائد نقوش اور وہاں پائی جانے والی نادر اشیا کو پہلی بار عوام الناس کے لیے رکھا گیا ہے۔ 
واضح رہے العلا کے حوالے سے پہلی نمائش سال 2019 میں فرانس میں منعقد کی گئی تھی جسے وہاں سراہا گیا جس کے بعد دوسری بار چین میں منعقد کی جارہی ہے۔

شیئر: