Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مولانا فضل الرحمان کا دورۂ کابل، نائب وزیراعظم سے ملاقات

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد حالیہ کشیدگی کے حوالے سے اسلام آباد کی پوزیشن واضح کرنا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر سے ملاقات کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان اتوار کو کابل پہنچیں ہیں اور انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ افغانستان کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔
افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی بی این اے کے مطابق افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے مذکورہ ملاقات کے بعد کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ہے اور توقع ہے کہ ان کا دورۂ کابل اور اسلام آباد کے تعلقات کے حوالے سے سود مند ثابت ہو گا۔
مولوی امیرخان متقی نے مزید کہا کہ وفد کے حجم کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان کی طرف سے امارت اسلامیہ کے قائدین کے لیے اہم پیغام لے کر آئے ہوں گے۔
قبل ازیں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس (ٹوئٹر) پر کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ایک وفد کابل پہنچ رہا ہے۔ 
طلوع نیوز کے مطابق سنیچر کو ریڈیو فری یورپ کے ریڈیو آزادی کو انٹرویو میں مولانا فضل الرحمان نے بتایا تھا کہ وہ افغانستان کے دورے کے دوران امارت اسلامیہ کے سربراہ ملا ہبت اللہ اخوندزادہ سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد حالیہ کشیدگی کے حوالے سے اسلام آباد کی پوزیشن واضح کرنا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دورہ کابل کے دوران ٹی پی پی بھی موضوع بحث ہو گی۔

مولانا فضل الرحمان نے ایک وفد کے ہمراہ افغانستان کے نائب وزیراعظم سے ملاقات کی۔ (فوٹو: بی این اے)

پوری حکومت اس سلسلے میں مجھ سے رابطے میں ہے۔ کل وزارت خارجہ (پاکستان) میں ان کے مشیر نے مجھے پاکستان کی پوزیشن کے بارے میں تفصیل سے بتایا کہ وہ کیا چاہتا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کو ہمارے دورے سے غرض ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر پابندی افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ہر ملک کو اپنے اندرونی معاملات، سکیورٹی و تجارتی شعبے میں اور سماجی اصلاحات کا حق حاصل ہے۔‘
افغانستان میں طالبان کی حکومت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں کا ایجنڈا ابھی تک امارت اسلامیہ کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا ہے۔
امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے طلوع نیوز کو بتایا کہ ’مولانا صاحب امارت اسلامیہ کی دعوت پر افغانستان کا دورہ کریں گے، لیکن ان کی آمد کا وقت اور وہ جن موضوعات پر بات کریں گے ان کا ایجنڈا ابھی تک ہمارے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان کے دورہ کابل کے افغانستان اور اسلام آباد کے تعلقات پر اثرات کے حوالے سے تجزیہ کار مختلف آراء رکھتے ہیں۔

شیئر: