سعودی عرب عالمی معیشت کا بڑا کھلاڑی ہے: وزیر اقتصاد
جمعرات 11 جنوری 2024 0:02
الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں چھ فیصد اضافہ ہوجائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اقتصاد و منصوبہ بندی فیصل الابراہیم نے کہا ہے کہ’ سعودی عرب عالمی معیشت سے متعلق کئی شعبوں کا بڑا کھلاڑی ہے۔‘
’ مسائل کے حل میں حصہ لے رہے ہیں۔ کئی شعبوں کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں جلد کامیاب ہوجائیں گے۔‘
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں بین الاقوامی کانکنی کانفرنس کے دوران مباحثے میں کہا کہ’ بین الاقوامی سطح پر کئی معاملات میں چیلنجوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ آئندہ 16 برس کے دوران معدنیات کی بڑھتی ہوئی طلب کے مسائل سے نمٹنا ہوگا۔‘
علاوہ ازیں 2050 تک معدنیات کی پیداوار پانچ گنا بڑھ جائے گی۔ اس حوالے سے تقریبا 3 ارب ٹن کوبالٹ کاپر، لیتھیئم اور کئی نایاب عناصر کی ضرورت پڑے گی۔
سعودی وزیر اقتصاد کا کہنا تھا کہ’ الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کی طرف توجہ بڑھ رہی ہے۔ ان کاروں کی طلب میں چھ فیصد اضافہ ہوجائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ’ بجلی کی ضروریات کا 50 فیصد سال 2030 تک قابل تجدید توانائی ذرائع سے پیدا کرنے کا ہدف ہے۔‘