ثانیہ مرزا نے شعیب ملک سے خُلع لے لی تھی، ٹینس سٹار کے والد کی تصدیق
ہفتہ 20 جنوری 2024 17:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ شادی کا اعلان سنیچر کو سوشل میڈیا پر کیا (فوٹو: شعیب ملک ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کی خبر سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارک باد، افسردگی اور تنقید پر مشتمل تبصروں کا ایک طویل سلسلہ شروع ہو گیا۔
اس کے بعد ثانیہ مرزا کے والد کی جانب سے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی علیحدگی کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کے مطابق ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے سنیچر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ٹینس سٹار نے اپنے شوہر سے خلع لے لی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’خلع لینے کا فیصلہ ثانیہ مرزا نے کیا اور یہ مسلمان عورت کا حق ہے۔‘ یاد رہے کہ شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ شادی کرنے کی تصاویر سنیچر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
چند روز قبل ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام سٹوری شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ’شادی کرنا مشکل ہے، طلاق دینا بھی مشکل ہے، اپنا مشکل منتخب کریں۔‘
انڈین نیوز چینل زی نیوز کے مطابق ثنا جاوید نے شعیب ملک سے شادی کی خبر مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر دی۔
اس سے قبل شعیب ملک نے انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے 2010 میں شادی کی تھی، اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
دسمبر 2022 میں جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش میں رہیں تاہم واضح طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
ثانیہ مرزا انڈیا میں اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ جب کہ شعیب ملک پاکستان میں مقیم ہیں۔
گذشتہ سال 25 مارچ کو شعیب ملک نے ثنا جاوید کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے انہیں جنم دن کی مبارک باد دی تھی جس سے مزید افواہیں پھیلنا شروع ہو گئیں۔
اس کے بعد شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا سے ایک دوسرے کے ساتھ بنائی گئی تصاویر ڈیلیٹ کر دیں۔
سوشل میڈیا ’بائیو‘ میں دی گئی معلومات ’ہزبینڈ ٹو آ سپر وومن ثانیہ مرزا‘ سے تبدیل کر کے ’فادر ٹو ون ٹرو بلیسنگ‘ کر دی گئی۔
اس سے قبل 2020 میں اداکارہ ثنا جاوید نے گلوکار عمیر جسوال سے شادی کی تھی۔