سعودی پراڈکٹ ڈیزائنر کا ضائع شدہ کھجور کی جھلی سے ’چمڑا‘ بنانے کا تجربہ
سعودی پراڈکٹ ڈیزائنر کا ضائع شدہ کھجور کی جھلی سے ’چمڑا‘ بنانے کا تجربہ
اتوار 21 جنوری 2024 16:40
مصنوعی چمڑے سے خاص لباس اور استعمال کی دیگر اشیاء تیار ہو سکتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی پراڈکٹ ڈیزائنر لامیس الفاضل نے اپنے تجسس اور تخلیقی صلاحیتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عجائبات سے پردہ اٹھایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پراڈکٹ ڈیزائنر نے ضائع شدہ یا فالتو کھجوروں کا استعمال کرتے ہوئے کھجور کی جھلی ’قطمیر‘ سے خاص قسم کا مصنوعی چمڑا تیار کرنے کا تجربہ کیا ہے۔
لامیس الفاضل نے مملکت میں نوجوان سعودی تخلیق کاروں کے کام کو آگے بڑھانے اور اس کے فروغ کے لیے مقامی ہنرمندوں کے ساتھ تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
وہ اس وقت ریاض میں گرافک ڈیزائننگ میں مارکیٹنگ سپیشلسٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنی گریجویشن پراجیکٹ کا نام بھی ’قطمیر‘ رکھا جو کھجور کی جھلی کے معنی میں آتا ہے اور یہ نایاب دریافت جانوروں کے چمڑے کی شکل کی تقلید کرتی ہے۔
لامیس الفاضل نے بتایا کہ پراڈکٹ ڈیزائن میں اپنے جذبے اور مقصد کو دریافت کرنے سے قبل انہوں نے کئی دیگر راہیں تلاش کیں۔
ہائی سکول کی تعلیم کے بعد انہیں اس چیز کا ادراک ہوا کہ وہ جلد ہی کسی نئی تحقیق کے ذریعے کچھ دلچسپ اور مخصوص چیز تخلیق کر سکتی ہیں۔
لامیس الفاضل نے فرسٹ کلاس آنرز پراڈکٹ ڈیزائنر کے شعبے میں شہزادی نورہ بنت عبدالرحمان یونیورسٹی سے اپنی گریجویشن مکمل کی ہے۔
فاضل کھجوروں کو مشین کے ذریعے مختلف مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
الفاضل کی اس خاص دلچسپی نے نوجوان ڈیزائنرز کو مملکت میں اس طرح کے چمڑے کی صنعت میں گریجویشن کی تحقیق کی بنیاد ڈالنے پر توجہ دلائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے مملکت میں موجود کھجور کے درخت سے حاصل شدہ پھل استعمال کر کے ثقافتی ڈیزائن تیار کرنے کا موقع ملا ہے۔
اس عمل سے ضائع ہونے والی کھجوروں کی بڑی مقدار کو مختلف مراحل سے گزار کر خاص قسم کا چمڑا تیار کیا جاتا ہے جسے لوگوں کی جانب سے بڑی پذیرائی ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس چیلنج نے مجھے ایک مخصوصی قسم کی مشین ڈیزائن کرنے کی جانب توجہ دلائی جو یہ سب عمل مکمل کر سکے۔‘
کھجور کی جھلی کا پیسٹ بنا کر سانچوں میں ڈال کر خشک کیا جاتا ہے۔ فوٹو
کھجور کی جھلی سے خاص قسم کا مصنوعی چمڑا بنانے والی مشین سے کھجوروں کو پیس کر ان میں اضافی اشیاء ملا کر پھر اس پیسٹ کو سانچوں میں ڈال کر خشک کیا جاتا ہے۔
اس کے بعد کھجور کی جھلی سے تیار شدہ چمڑے کی چادریں مینوفیکچرنگ اور پروڈکشن آپریشن کے لیے تیار ہوجاتی ہیں جس میں چمڑے کے لباس اور استعمال کی دیگر اشیاء تیار کی جا سکتی ہیں۔
آج الفاضل سمیت نوجوان تخلیق کاروں کے پاس قومی اور عالمی فن اور ڈیزائن کے منظر نامے پر اپنی شناخت بنانے کا موقع ہے جس میں مملکت کی ثقافتی نشاۃ ثانیہ نئی نسل کی حمایت اور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
یہ سعودی عرب کے بصیرت افروز اقتصادی اور سماجی منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں