Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا عمان میں جاسوسی کے مبینہ نیٹ ورک سے لاتعلقی

مبینہ نیٹ ورک کے معاملے میں امارات کا نام  منسلک کرنا حیرت انگیز ہے (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے سلطنت عمان میں جاسوسی کے مبینہ نیٹ ورک کے حوالے سے لاعلمی اور لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
 امارات کے سرکاری خبررساں ادارے وام کے مطابق دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ عمانی نیوز ایجنسی کی  اس رپورٹ پر حیرانی اور دکھ ہوا جس میں کہا گیا کہ  امارات کے  ریاستی سلامتی ادارے کے ماتحت جاسوسی کے نیٹ ورک کا پتہ چلا ہے۔ 
 دفتر خارجہ نے کہا ’عمان میں جاسوسی کا نیٹ ورک برادر اور دوست ممالک کے ساتھ امارات کے طریقوں کے سراسر منافی ہے۔  مبینہ نیٹ ورک کے معاملے میں امارات کا نام  منسلک کرنا حیرت انگیز ہے۔‘ 
بیان میں کہا گیا’ امارات سلطنت عمان کے ساتھ تاریخی اخوت کے رشتوں کو مسلسل مضبوط اور مستحکم بنانے کے لیے کوشاں رہا ہے۔‘ 
دفتر خارجہ نے کہا کہ ’امارات اس معاملے میں سلطنت عمان کے ساتھ کسی بھی شفاف تحقیقات میں بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے۔‘ 
’امارات جاسوسی نیٹ ورک کے حقائق تک رسائی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا اور جو معلومات درکار ہوں گی وہ فراہم کرنے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لے گا۔‘ 
بیان کے مطابق ’عمان کے ساتھ تعاون اور اخوت کے رشتوں کی سلامتی عزیز ہے۔ اسی کے ساتھ سلطنت عمان کا امن و استحکام ہمیں اسی طرح عزیز ہے جس طرح امارات کا امن و استحکام ہے۔‘ 

شیئر: