Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیج عدن میں حوثیوں کا امریکی پرچم بردار جہاز پر میزائلوں سے حملہ

بیان میں کہا گیا کہ حوثیوں کے حملے میں جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا (فوٹو اے پی)
یمن کے حوثی باغیوں نے خلیج عدن میں امریکی پرچم بردار ایک کنٹینر شپ پر تین میزائل داغے ہیں تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سی این این کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے بتایا امریکی بحریہ نے بدھ کو ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو میزائلوں کو مار گرایا جبکہ ایک میزائل سمندر میں گرا ہے۔
سینٹ کام سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حوثیوں کے حملے میں جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
یاد رہے کہ منگل کو پینٹاگون نے کہا تھا کہ امریکہ نے یمن میں حوثیوں کے ایک ایسے اینٹی کروز شپ میزائل کو تباہ کیا ہے جو چلایا جانے والا تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹ رائیڈر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے ایک بیان میں کہا ’امریکہ اور برطانیہ کے مشترکہ حملوں کے کچھ ہی دیر بعد ہی اینٹی شپ کروز میزائل کو نشانہ بنایا گیا جو لانچ کیا جانے والا تھا اور بحری جہازوں کے لیے خطرات کا باعث بن سکتا تھا۔‘
’ یہ اضافی حملہ مین آپریشن کے بعد 15 سے 30 منٹ کے دوران کیا گیا۔‘
برطانیہ اور امریکہ نے مل کر رواں ماہ کے آغاز میں پہلی بار ایران کی حمایت رکھنے والے باغی گروپ کے خلاف حملوں کا آغاز کیا تھا جس کے بعد مزید مشترکہ حملے کیے گئے۔
امریکہ کی جانب سے میزائلوں کو نشانہ بنانے کے یکطرفہ فضائی حملے بھی کیے گئے ہیں جن کے بارے میں واشنگٹن کا موقف ہے کہ ان سے شہریوں اور فوجی جہازوں کو خطرات لاحق ہیں۔
یمن میں سرگرم باغیوں نے نومبر میں بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملوں کے آغاز میں کہا تھا کہ ایسا غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت کے لیے کیا جا رہا ہے جو جنگ سے تباہ ہو گیا ہے اور اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شیئر: