سعودی عرب ’ورلڈ واٹر فورم 2027‘ کی میزبانی کا خواہش مند
فواروں اور نہروں کے لیے مشہور شہر روم نے بھی اس فورم کے لیے اپنی تجاویز جمع کرائی ہیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے ورلڈ واٹر فورم کے 2027 میں ہونے والے سیشن کی ریاض میں میزبانی کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ درخواست آبی ذخائر کی بقاء، معیار زندگی کی بہتری، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، خطے اور عالمی سطح پر پانی کے مسائل کی نمٹنے میں قائدانہ کردار میں سعودی عرب کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
ورلڈ واٹر کونسل کے زیر انتظام ’ورلڈ واٹر فورم‘ پانی کے انتظامات سے متعلق سب سے بڑا ایونٹ شمار ہوتا ہے۔ اس فورم میں دنیا کی مختلف حکومتیں، تنظیمیں، سرکاری حکام اور تمام متعلقہ شعبوں کے ماہرین اپنے تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات چیت کرتے ہیں۔
فورم میں عالمی سطح پر آبی ذخائر کو دیرپا بنانے سے متعلق ضروری اقدامات سے متعلق تفاصیل پیش کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
ایکسپو 2023 کے معاملے میں دھچکا لگنے کے بعد روم ایک بار بھر ورلڈ واٹر فورم 2027 کی میزبانی کے لیے مملکت کو چینلج کر رہا ہے۔
فواروں اور نہروں کے لیے مشہور شہر روم نے بھی اس فورم کے لیے اپنی تجاویز جمع کرائی ہیں تاہم اس وقت سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان مقابلہ ہے جس کا فیصلہ مئی میں انڈونیشیا کے شہر بالی میں ہونے والے فورم میں متوقع ہے۔
دنیا میں سب سے کم آبی وسائل والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود مملکت نے فورم کی میزبانی کے لیے درخواست دی ہے کیونکہ مملکت کے پاس اس شعبے کو منظم کرنے والے جدید انفراسٹرکچر، ضوابط اور قانون سازی ہے۔