Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راحت فتح علی خان کا وضاحتی بیان، ’بوتل میں پیر صاحب کا دم کیا ہوا پانی تھا‘

معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی اپنے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے معاملے کی وضاحت پیش کی ہے۔
سنیچر کو راحت فتح علی خان نے وائرل ویڈیو کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب ساٹ فیس بک پر پیغام میں کہا کہ ’یہ استاد اور شاگرد کے آپس کا معاملہ ہے، استاد اچھے کام پر پیار بھی دیتے ہیں اور غلطی پر سزا بھی۔‘
ویڈیو میں راحت فتح علی خان اپنے شاگرد نوید حسنین اور ان کے والد کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔
راحت فتح علی خان کے ملازم نوید حسنین کا ویڈیو کے حوالے سے کہنا ہے کہ ’جس بوتل کی بات ہو رہی ہے وہ پیر صاحب کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ میں کہیں رکھ کر بھول گیا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ہمارے استاد ہمارے باپ ہیں اور ہم سے پیار بھی اتنا کرتے ہیں کہ خدا جانتا ہے۔‘
’تشدد کی ویڈیو جس نے بھی وائرل کی ہے یہ بلیک میلنگ ہے ور میرے استاد کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔‘
گلوکار راحت فتح علی خان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’کہا جاتا ہے کہ میں اپنے ملازموں پر تشدد کرتا ہوں۔‘
وہ ویڈیو میں موجود اپنے ڈرائیور کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہتے ہیں کہ ’سلیم 40 سال سے میرا ڈرائیور ہے آپ ان سے پوچھیں میں نے کبھی انہیں ڈانٹا ہو یا مارا ہو؟‘
اس پر ان کے ڈرائیور سلیم کہتے ہیں کہ ’راحت فتح علی خان نے مجھے ہمیشہ بڑے بھائی کا درجہ دیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’راحت فتح علی خان نے مجھے کبھی گالی تک نہیں دی آپ مارنے کی بات کرتے ہو۔‘

شیئر: