Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائفر کیس، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید

27 مارچ 2022 کو اسلام آباد میں جلسے کے دوران اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سائفر غیرملکی سازش کا حصہ تھا (فائل فوٹو: سکرین گریب)
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دس دس سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ 
منگل کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔ دورانِ سماعت عمران خان اور شاہ محمود قریشی سے دفعہ 342 کے تحت دیے گئے سوالناموں کے جواب لیے گئے۔
سماعت کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں رہنماوں کو دس دس سال قید کی سزا سنا دی۔
گذشتہ روز عدالت نے صبح نو بجے سے لے کر رات گیارہ بجے تک گواہان پر جرح کی تھی۔ جرح کے لیے عدالت کی جانب سے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیشی کی اجازت نہیں مل سکی تھی۔ عدالت نے سرکاری وکلاء کے ذریعے جرح کی۔
عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے خود جرح کرنے کی اجازت مانگی تھی لیکن عدالت نے ان کا حق جرح بھی ختم کر دیا۔ عمران خان کے وکلا اور اہل خانہ کی جانب سے اس معاملے پر احتجاج بھی سامنے آیا تھا۔
دوسری جانب عمران خان کی جانب سے سرکاری وکلا صفائی کی تقرری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

شیئر: