Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری نے زرعی فارم کی سبزیاں عام افرد کے لیے مفت کر دیں

فارم کے باہر مفت کا بورڈ بھی آویزاں کیا گیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے علاقے تبوک میں ایک سعودی شہری نے گھر کے باہر سبزیوں کا زرعی فارم بنا کر اسے عام افراد کے لیے مختص کر دیا۔
فارم کے بارے لگے بورڈ پر’مفت‘ کا بورڈ بھی آویزاں کیا گیا ہے۔
 الاخباریہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی شہری مروان العطوی کا کہنا تھا کہ ’مفت زرعی فارم بنانے کا خیال موسم گرما میں پانی کی سبیل لگانے سے آیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ابتدا میں اس نے اپنے اس زرعی فارم میں پودینہ، زعتر، ریحان اور ہرا دھنیا اگایا تھا تاہم بعدازاں فارم کو وسعت دیتے ہوئے اس میں لیموں، موسمی، انجیراور ٹماٹروں کے پودے بھی لگا دیے۔‘
سعودی شہری نے زرعی فارم ہاؤس کے باہر ایک بورڈ بھی آویزاں کیا ہے جس پر تحریر ہے کہ ’اس فارم ہاؤس میں اگنے والی سبزیاں یا پھل کوئی بھی مفت میں حاصل کر سکتا ہے، یہ سبیل ہے، قینچی اور تھیلیاں بھی موجود ہیں۔‘
مروان العطوی کا کہنا تھا کہ ’جب لوگ اس فارم سے اشیا لے کر جاتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو سڑک پر کھڑے ہو کر لوگوں میں یہ اشیا مفت تقسیم کرتا۔ یہ کام میں رب کی رضا کے لیے کر رہا ہوں۔‘

شیئر: