Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں بارش، نگراں وزیراعلیٰ کا ٹریفک حکام اور پی ڈی ایم اے پر اظہار برہمی

نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ’پانی نکالنے کے لیے مشینری کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
کراچی میں سنیچر کو ہونے والی بارش کے بعد کی صورتحال پر نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) اور آئی جی ٹریفک پولیس پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی کے اتوار کو جاری کردہ بیان کے مطابق کراچی میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی زیر صدارت اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بارشوں سے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقعے پر نگراں وزیراعلیٰ نے ناقص ٹریفک انتظامات پر ڈی آئی جی ٹریفک سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’شہریوں کو شہر میں زیادہ تکلیف ٹریفک انتظامات نہ ہونے کے باعث ہوئی۔‘ نگراں وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کو ان کی طرف سے اظہار ناراضی کا لیٹر دیا جائے۔
نگراں وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ’پی ڈی ایم اے کا عملہ وقت پر موجود نہیں تھا۔انہوں نے تاخیر سے کام شروع کیا۔‘
انہوں نے پی ڈی ایم اے کو بھی اظہار ناراضی کا لیٹر دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں نگراں وزیراطلاعات احمد شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، آئی جی پولیس رفعت مختار، کمشنر کراچی سلیم راجپوت اور سی ای او واٹر بورڈ صلاح الدین شریک تھے۔

کراچی میں دو افراد کی ہلاکت

کراچی میں سنیچر کو ہونے والی بارش میں اب تک کم سے کم دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

کراچی لائنز ایریا میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان ہلاک ہوا جبکہ گزشتہ روز کام سے واپس گھر آنے کے لیے نکلنے والے گلشن معمار کے رہائشی سید محمد فخر عالم برساتی پانی کے ریلے میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

میئر مرتضیٰ وہاب نے نگراں وزیراعلیٰ کو بتایا کہ واٹر بورڈ کی مشینز لگواکر برساتی پانی کی نکاسی کی گئی

اب شہر کی صورتحال بہتر ہے: میئر کراچی

میئر مرتضیٰ وہاب نے نگراں وزیراعلیٰ کو بتایا کہ واٹر بورڈ کی مشینز لگوا کر برساتی پانی کی نکاسی کی گئی۔ اب شہر کی صورتحال کافی بہتر ہے۔ پی ڈی ایم ای اور واٹر بورڈ کی مشینری نے کافی کام کیا۔ اس وقت شہر کی اہم شاہرائیں صاف ہیں۔‘
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ’پانی نکالنے کے لیے مشینری کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔‘

کل کراچی میں 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی (فوٹو: سکرین گریب)

’حب کینال میں شگاف پڑ گیا‘

اجلاس میں بتایا گیا کہ نرسری، سندھ سیکریٹریٹ، صدر  اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش سے کافی پانی جمع ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ ایم اے جناح روڈ، چندیگر روڈ اور لیاری کے کچھ علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا تھا۔
میئر کراچی نے بتایا کہ کل ہونے والی بارش 75 ملی میٹر کی ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واٹر بورڈ نے نگراں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ ’حب کینال میں پڑنے والے شگاف کو پُر کیا جا رہا ہے لیکن اس سے شہر میں پانی کی سپلائی 48 گھنٹوں تک متاثر ہو گی۔‘

شیئر: