Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی مہمانوں نے مسجد نبوی کے قریب سیرت میوزیم کا دورہ کیا

15 ممالک سے 250 عمرہ زائرین دوسرے مرحلےمیں سعودی عرب پہنچے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
شاہی ضیافت میں عمرہ و زیارت پروگرام کے مہمانوں نے مدینہ منورہ کی زیارت کے دوران مسجد نبوی کے قریب واقع انٹرنیشنل میوزیم برائے سیرت نبوی اور اسلامی ثقافت کا دورہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہی مہمانوں نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے اسلامی اقدار، سیرت نبوی، انبیا کے فضائل اور اسلامی تہذیب کے معروف آثار اور مقامات سے متعلق جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ پریزینٹیشن بھی دیکھی۔
اس موقع پر شاہی مہمانوں نے میوزیم میں موجود تاریخی اہمیت کی حامل منفرد اشیا اور اسلامی تاریخ کے واقعات کو خوبصورتی سے اجاگر کرنے کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ انتظامات مملکت کے اسلامی تاریخ پر توجہ کی نمایاں مثال ہیں۔‘
واضح رہے کہ خادم حرمین شریفین پروگرام کے دوسرے مرحلےمیں یورپ اور جنوبی امریکا کے 15 ممالک سے 250 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے ہیں۔
گزشتہ روز شاہی مہمانوں کے وفد نے مدینہ منورہ میں شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس اور دیگر اسلامی تاریخی مقامات کا دورہ کیا تھا۔
قبل ازیں شاہی مہمانوں نے مسجد قبا اور شہدا احد کے مقام کا بھی دورہ کیا اور ’الرماۃ‘ پہاڑ پر یادگاری تصاویر بھی بنائی۔
زائرین کا کہنا تھا کہ ’وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیزکے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا اور ہم آج اس شہر مقدس میں موجود ہیں۔‘

شیئر: