Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں ن لیگ، سندھ اور بلوچستان میں پی پی پی آگے

مریم نواز  پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 سے 23 ہزار 598 ووٹ لے پہلے نمبر پر رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عام انتخابات کے بعد قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی چاروں صوبائی اسمبلیوں کے غیرحتمی سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جبکہ سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔

پنجاب 

الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 295 حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواروں میں مقابلہ ہے۔ مسلم لیگ ن کو اب تک 131 جبکہ آزاد امیدواروں کو 126 نشستیں جبکہ مل چکی ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ق کے آٹھ جبکہ پیپلز پارٹی کے 10 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی، تحریک لبیک پاکستان اور مسلم لیگ ضیاء کو ایک ایک نشست پر برتری حاصل ہوئی ہے۔
لاہور سے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز  پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 159 سے 23 ہزار 598 ووٹ لے پہلے نمبر پر رہیں، جبکہ آزاد امیدوار مہر شرافت علی 21 ہزار 491 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 21 چکوال سے مسلم لیگ ن کے تنویر اسلم ملک 83055 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار طارق محمود افضل 75142 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 158 لاہور سے شہباز شریف 38642 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار چوہدری یوسف 23847 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 153 لاہور سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سلمان رفیق کامیاب ہوئے۔ انہوں نے 35232 ووٹ لیے۔ آزاد امیدوار میاں اویس انجم 33027 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا اسمبلی کی 111 نشستوں کا اعلان کر دیا گیا جن میں آزاد امیدوار 90 سیٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پانچ، جمعیت علمائے اسلام کے سات، جماعت اسلامی کے تین اور پاکستان پیپلز پارٹی (پارلیمنٹیرینز) کے چار امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سے عوامی نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز نے ایک ایک نشست پر برتری حاصل کی ہے۔

سندھ

الیکشن کمیشن کی جانب سے سندھ اسمبلی کے تمام 130حلقوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ  میں ابتدائی نتائج کے مطابق لاڑکانہ اور بدین میں جی ڈی اے سمیت دیگر جماعتوں کے اتحاد کو شکست دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سندھ سے صوبائی اسمبلی کی اب تک 84، جی ڈی اے دو ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 28، جماعت اسلامی دو اور 14 آزاد امیدوار نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بلوچستان

صوبہ بلوچستان کی 51 صوبائی اسمبلی کی سیٹوں میں سے اب تک 44 کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پارلیمنٹیرینز) 11 سیٹوں سے ساتھ سب سے آگے ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن نو اور جمعیت علمائے اسلام کے حصے میں اب تک آٹھ سیٹیں آئی ہیں۔ جماعت اسلامی ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس کے علاوہ پانچ سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب رہے۔  بلوچستان نیشنل عوامی پارٹی (عوامی) کو ایک، بلوچستان نیشنل پارٹی کو ایک،  عوامی نیشل پارٹی کو دو، بلوچستان عوامی پارٹی کو چار اور نیشنل پارٹی کو دو نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

شیئر: