Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چند لوگ 9 مئی جیسے واقعے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں: محسن نقوی

انتخابی نتائج بدلنے پر تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاج کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چند لوگ 9 مئی جیسے واقعے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
پیر کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے کہا کہ پُرامن احتجاج سب کا حق ہے اور کسی کو روکا نہیں جائے گا۔
پاکستان میں گزشتہ برس تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان کے حامیوں نے 9 مئی کو لاہور میں کورکمانڈر ہاؤس اور راولپنڈی میں فوجی ہیڈکوارٹر سمیت ملک میں مختلف سرکاری اور نجی املاک پر حملے کیے تھے۔
محسن نقوی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کسی کے ذہن میں 9 مئی جیسے واقعے کی چیز ہے تو میں بتا رہا ہوں کہ اس کا بندوبست چار گنا زیادہ ہو گا۔‘
نگراں وزیراعلٰی نے کہا کہ ایجنسیوں نے منصوبہ بندی سے متعلق خفیہ گفتگو پکڑی ہے۔
’سب سے خطرناک بات جو ہے اور یہ میں بڑی ذمہ داری سے بتا رہا ہوں کہ پچھلے دو دن سے ہمارے پاس ٹھوس ثبوت ہیں کہ چند لوگ پوری منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ 9 مئی کی طرح واقعہ دہرایا جائے۔ اس سلسلے میں آپ کو بتا دوں کہ کسی نے اس طرح کی چیز کرنے کی کوشش بھی کی تو 9 مئی کا ردعمل تھوڑا تھا لیکن کئی گنا زیادہ ردعمل ہو گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پولیس کو بھی اب نمٹنے کی پریکٹس ہو گئی ہے لیکن ہم نہیں چاہتے کہ قوم مزید تقسیم ہو۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ ایسا کوئی ردعمل نہ دہرایا جائے کیونکہ ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
’لوگوں کو ورغلا کر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس وقت پتا نہیں چلتا کہ کیا کر رہے ہیں۔ میں اس لیے لوگوں کو باضابطہ طور پر پہلے بتا رہا ہوں کہ اگر کوئی آپ کو اس طرف لے کر جائے تو خود کو نہ پھنسائیں۔‘

شیئر: