Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ میں مزید ارکان کی شمولیت، ’عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے فیصلہ کیا‘

انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کو قومی اسمبلی کی ایک، پنجاب اسمبلی کی تین اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی دو مزید نشستیں مل گئی ہیں۔
سنیچر کو ن لیگ کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں آزاد منتخب ارکان اسمبلی نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ مجموعی طور پر اب تک آٹھ قومی اسمبلی کے منتخب اراکین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے جن میں سے ایک کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے منتخب 20 اراکین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے جن میں سے صرف چار کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے تھا۔
سنیچر کو دو ارکان نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جن کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 92 بھکر سے آزاد حیثیت میں انتخاب جیتنے والے رشید اکبر نوانی، پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور 93 بھکر سے کامیاب عامر عنایت شاہانی نے شہباز شریف سے ملاقات کی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 106 سے حشام انعام اللہ خان اور پی کے 82 سے ملک طارق اعوان نے بھی ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
ن لیگ خیبر پختونخوا کے صدر انجینیئر امیر مقام اور سردار اویس خان لغاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
گزشتہ روز پی پی 205 خانیوال سے اکبر حیات ہراج اور پی پی 212 خانیوال سے اصغر حیات ہراج بھی ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
آزاد ارکان اسمبلی نے شمولیت کے اعلان کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے ن لیگ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے آزاد ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدم استحکام کسی کے مفاد میں نہیں ہے، معاشی خطرات کا تقاضا ہے کہ سب مل کر پاکستان کے لیے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلے بھی ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب بھی یہی ترجیح ہے۔ جن کا ایجنڈا انتشار ہے، وہ اب بھی انتشار پھیلا رہے ہیں۔‘

شیئر: