اردن ایئرلائن کی العلا کےلیے فضائی سروس شروع
العلا کے لیے اردن ایئرکی ہفتے میں 2 پروزایں چلائی جائیں گی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی عرب کے تاریخی وسیاحتی شہر العلا کے بین الاقوامی فضائی اڈے پر رائل اردن ائیرلائنز کی پہلی پرواز پہنچ گئی۔
سعودی خبر رساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق اردنی فضائی کمپنی 16 فروری سے العلا کے لیے اپنے فلائٹ آپریشن کا آغاز کیا ہے جس میں عمان کے ملکہ عالیہ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے العلا کے لیے ہفتہ میں 2 براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
العلا اور اردن کے درمیان شروع ہونے والا روٹ اردن کے شہر البترا اور العلا کے تاریخی تعلق کے پیش نظر سیاحوں اور تاریخ دانوں کے لیے اہمیت کا حامل ہے جو ان مقامات کی مشترکہ تہذیب پر تحقیق کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں اردن ائیر لائنز کی جانب سے العلا کے لیے فلائٹ آپریشن کا آغاز شہر کی ثقافتی کشش اور وہاں منعقد ہونے والی مختلف سیاحتی سرگرمیوں کی مقبولیت کی نشاندہی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ العلا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مختلف ممالک کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ سعودیہ ائیرلائنز نے اپنے روٹس میں العلا اور پیرس کے درمیان براہ راست پروازوں کا اضافہ کیا ہے جبکہ العلا سے دبی، دوحہ، قاہرہ اور منامہ کے لیے بھی براہ راست پروازیں جاتی ہیں۔
العلا انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے فضائی روٹس کو بڑھانے کا مقصد شہر میں سیاحوں کی آمد کو آسان بنانا اور 2035 تک 20 لاکھ وزٹرز کے ہدف کو پورا کرنا ہے۔
دوسری جانب العلا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافروں کو سعودی مہمان نوازی کی روایات کے مطابق معیاری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ مسافرین کی تعداد 4 لاکھ سے بڑھا کر 60 لاکھ تک کرنے کے لیے ائیرپورٹ کی توسیع پر بھی کام جاری ہے۔