Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان میں مشاورت، ’تعاون جاری رہے گا‘

پاکستان مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹیوں کے درمیان ملاقات میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینیٹر اسحاق ڈار نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس ہوا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’مشاورت کے بعد طے ہوا کہ ملک میں سیاسی، جمہوری اور بالخصوص معاشی استحکام کے لیے دونوں جماعتیں وفاقی سطح پر ایک دوسرے سے مفاہمت، حمایت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔’
 اجلاس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کامران ٹیسوری، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
مسلم لیگ ن سے مشاورت کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ ’ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہمارے وزیراعظم شہباز شریف جبکہ صدر آصف علی زرداری ہوں گے۔‘
اس پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سپیکر اسمبلی اور گورنرز کے ناموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کو الیکشن 2024 میں قومی اسمبلی کی 17 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے اور یہ جماعت وفاق میں حکومت سازی کے عمل کے لیے جاری مشاورت کا حصہ ہے۔

شیئر: